پولیس نے حیدر آباد کے وکلاء کو کراچی جانے سے روک دیا

ہفتہ 12 مئی 2007 21:01

حیدر آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار12 مئی2007) چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کی کراچی آمد کے سلسلے میں حیدر آباد کے وکلاء کو حیدر آباد پولیس نے کراچی جانے سے روک دیا۔ وکلاء نے پولیس کی زیادتیوں کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے تمام عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا بعد میں وکلاء نے احتجاجی جلوس کی شکل میں سول کورٹ کے سامنے پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن حیدر آباد کے صدر قاضی عبدالستار ، جنرل سیکرٹری اللہ بچاؤ سومرو، ڈسٹرکٹ بار حیدر آباد کے جنرل سیکرٹری نور الحق قریشی، سندھ بار کونسل کے رہنما فضل قادر میمن و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے چیف جسٹس کے استقبال کیلئے کراچی جانے والے وکلاء کو پولیس کے ذریعے روکا ہے مگر یہ وکلاء ہر صورت میں اپنے چیف جسٹس کا استقبال کرنے کیلئے کراچی جائیں گے ۔ علاوہ ازیں حیدر آباد پولیس نے کراچی جانے والے وکلاء کی گاڑیوں کو اپنے تحویل میں لے لیا جبکہ وکلاء کی ذاتی گاڑیوں کے ٹائروں سے ہوا نکال دی گئی۔

متعلقہ عنوان :