کراچی کے حالات خراب کرنے والے عناصر کسی طرح بھی ملک کے خیر خواہ نہیں۔طاہر کھوکھر

اپوزیشن ملک میں افراتفری‘ لاقانونیت‘ دہشت گردی اور خانہ جنگی کی فضا پیدا کرنا چاہتی ہے‘ واقعے کی عدالتی تحقیقات کروائی جائیں اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ایم کیو ایم کے خلاف پھیلائی جانے والی خبریں ڈس انفارمیشن ہیں‘ ایم کیو ایم کے آزاد کشمیر میں رکن قانون ساز اسمبلی کا اجلاس سے خطاب

اتوار 13 مئی 2007 16:34

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار13 مئی2007) متحدہ قومی موونٹ آزاد کشمیر کے مرکزی چیف آرگنائزر اور رکن قانون ساز اسمبلی میں طاہر کھوکھر نے کہاہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کی پرامن ریلی پر ایک منظم سازش کے تحت فائرنگ کی گئی اور بے گناہ افراد کو ہلاک کیا گیا کراچی کے حالات خراب کرنے والے عناصر کسی طرح بھی پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہیں اپوزیشن ملک میں افراتفری لاقانونیت دہشت گردی اور خانہ جنگی کی فضا پیدا کرنا چاہتی ہے عوام پیپلز پارٹی مسلم لیگن متحدہ مجلس عمل اے این پی اور دیگر جماعتوں کے اصل چہرے پہچان چکے ہیں یہ عناصر چیف جسٹس آف پاکستان کے نام پر سیاست چمکا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کے ایک اجلاس سے کشمیر سنٹر کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس سے ممبر اسمبلی سلیم بٹ کارکنان ایم کیو ایم فرید شاہ عنایت حسین ناظم شاہ چوہدری قدوس اور دیگر نے بھی خطاب کیا انہوں نے کہا کہ میں اپنے حلقہ انتخاب اور پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین جنہوں نے ہماری کال پر اختر کالونی کشمیر کالونی اور دیگر مقامات سے سینکڑوں کی تعداد میں جمع ہو کر مرکزی ریلی میں شرکت کرکے یہ ثابت کردیا کہ ایم کیو ایم کشمیریوں کی بھی ہردلعزیز جماعت ہے جو پاکستان کی خوشحالی اور کشمیری مہاجرین مقیم پاکستان کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے ایک واضح جامع اور ٹھوس پروگرام رکھتی ہے اور قائد تحریک الطاف حسین عوام کے حقیقی مسیحا ہیں انہوں نے کہا کہ بارہ مئی کے افسوسناک واقعہ کی ذمہ دار اپوزیشن ہے جس نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایم کیو ایم کی ریلی کو ناکام اور سبوتاژ کرنے کے لئے نہتے اور معصوم عوام پر بلا اشتعال فائرنگ کی اس واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے اور اس واقعہ میں مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں عبرتناک سزائیں دی جائیں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف پھیلائی جانے والی خبریں ڈس انفارمیشن ہیں عوام اپوزیشن کے کسی منفی پروپیگنڈے پر کان نہیں دھریں گے۔