اسلام آباد،نامعلوم مسلح افراد نے سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار کو گولیاں مار کر قتل کر دیا

پیر 14 مئی 2007 12:17

اسلام آباد،نامعلوم مسلح افراد نے سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار کو ..
اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مئی۔2007ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایڈیشنل رجسٹرار سپریم کورٹ حماد رضا کو چار نامعلوم مسلح افراد نے پیر کی صبح گولیاں مار کر ہلاک کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح 4 بجکر 30 منٹ پر 3 مسلح ڈاکو اسلام آباد میں واقع ایڈیشنل رجسٹرار سپریم کورٹ حماد رضا کے گھر داخل ہوئے اور حماد رضا پر گولیاں چلائیں ایک گولی ان کے سر پر لگی جس سے وہ زخمی ہو گئے انہیں زخمی حالت میں پمزہسپتال لایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے پولیس کے مطابق مسلح افراد ڈاکو تھے جو ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہوئے وہ نقدی اور زیورات لے جاناچاہتے تھے مزاحمت کرنے پر انہوں نے ایڈیشنل رجسٹرار کو گولیاں مار کر جاں بحق کر دیا تاہم بعض حلقوں کا خدشہ ہے کہ سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی ہے- ان کا تعلق ڈی ایم جی گروپ سے تھا-ڈی ایم جی گروپ بیورو کریسی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے- حماد رضا بلوچستان حکومت میں کام کرتے تھے اور انہیں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے دور میں ڈیپوٹیشن اسلام آباد لایا گیا ۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار کو وفاقی دارالحکومت میں سپریم کورٹ کی فل کورٹ کی سماعت سے چند گھنٹے قبل قتل کیا گیا جس پر عوامی حلقوں میں چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں اور وہ اسے پراسرار ہلاکت سے تعبیر کر رہے ہیں-