Live Updates

وکلا کی تحریک عدلیہ کی آزادی،جمہوریت کی بحالی اورپاکستان کی خوشحالی کے سلسلہ میں سنگ میل ثابت ہوگی، عمران خان ، مشرف اور الطاف اپنے اپنے اقتدار کے لئے عوام کی بھینٹ دے رہے ہیں، ریلی کے نام پر رچائے گئے ڈرامہ پر100کروڑ روپے خرچ کیے گئے، گوجرانوالہ بار سے خطاب

منگل 15 مئی 2007 18:40

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مئی۔2007ء) تحریک انصاف پاکستان کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت چنددنوں کی مہمان رہ گئی ہے وکلا کی طرف سے چلائی جانے والی تحریک عدلیہ کی آزادی،جمہوریت کی بحالی اورپاکستان کی خوشحالی کے سلسلہ میں سنگ میل ثابت ہوگی چیف جسٹس کے استقبال سے خائف ہوکر ملک کے سب سے بڑے دہشت گرد کے ذریعے کراچی کے حالات خراب کیے گئے ۔

وقت آنے پر وزیراعظم کی ”قربانی ،،دی جاسکتی ہے مشرف حمایت ریلی کے نام پر رچائے گئے ڈرامہ پر 100کروڑ روپے خرچ کیے گئے مشرف اور الطاف اپنے اپنے اقتدار کے لئے عوام کی بھینٹ دے رہے ہیں میڈیا کے دفاتر پر حملے آزادی صحافت کے نعرے بلند کرنے والوں کے منہ پرطمانچہ ہے ان خیالات کااظہار تحریک انصاف پاکستان کے چیئرمین عمران خان نے گوجرانوالہ میں ڈسٹرکٹ بار کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر صدربار الیاس حسین ریحان ،جنرل سیکرٹری عامرمنیر باگڑی ،ضلعی صدر تحریک انصاف خالد ظفرچوہدری ،ضلعی صدر ایم ایم اے بلال قدرت بٹ اوردیگر بھی موجودتھے انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ اورپاکستان بھر کی وکلا برادری مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے قوم کولیڈرشپ دی جبکہ موجودہ تحریک میں میڈیا کاکردار بھی قابل تحسین رہا ہے موجودہ تحریک پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حقیقی جمہوریت اورخوشحالی لائے گی انہوں نے کہا کہ مشرف اوراس کی کرپٹ کابینہ آزادعدلیہ سے خائف ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ چیف جسٹس کی بحالی کی صورت میں ان کااقتدار خطرے میں پڑ جائے گا جبکہ پنجاب کے حکمرانوں اوردیگر کویہ بھی ڈر ہے کہ نیب میں موجود ان کے کیس دوبارہ سے ری اوپن ہوجائیں گے انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ حکمران چیف جسٹس کوملنے والے عوامی رسپانس سے خوفزدہ ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے کراچی میں حالات خراب کرنے کیلئے ملک کے سب سے بڑے دہشت گردالطاف حسین سے مدد طلب کی جس نے ان کی کال پرلبیک کہا اور کراچی کوخون میں نہلادیاانہوں نے کہاکہ مشرف اور الطاف دونوں اپنے اپنے اقتدار کوطوالت بخشنے کے لئے بے گناہ عوام کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں عمران خان نے کہاکہ الطاف حسین کراچی کے معصوم عوام کے خون پسینے کی کمائی سے بیرون ملک بیٹھ کرعیاشی کرر ہے ہیں ۔

(جاری ہے)

درحقیقت ایم کیوایم اورہٹلر کی جماعت میں کوئی فرق نہیں انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی خوفزدگی کا یہ عالم ہے کہ انہوں نے اسلام آباد میں بلٹ پروف کیبن میں بیٹھ کرعوام سے خطاب کیا جبکہ اس ڈرامے کورچانے کے لئے 100کروڑ روپے خرچ کیے گئے انہو ں نے کہاکہ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کاقانون رائج ہے مظلوم ہرجگہ پس رہا ہے جن کی جگہ جیلیں ہیں وہ اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے ہیں سیاست میں آنے والے صنعت کاربن رہے ہیں جبکہ شوگر ،سیمنٹ سکینڈلز میں بزدل کمانڈوکی کابینہ نے اربوں روپے کمائے انہو ں نے کہا کہ پنجاب کے حکمرا ن اپنے خلاف موجود کیسز کی وجہ سے صدرمشرف کوبار بار وردی سمیت صدرمنتخب کرنے کاواویلا کررہے ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ آمریت کی چھتری ہٹتے ہی ان کے برے دن شروع ہوجائیں گے انہوں نے کہاکہ ہرملک میں جاکر دہشت گردی کے خاتمہ کے دعوے کرنے والے صدرمشرف خود ہی پاکستان کے سب سے بڑے دہشت گردکی حمایت کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کراچی میں ایم کیوایم کوکھلی چھوٹ دی گئی جبکہ رینجرز اور پولیس کوپابند کردیاگیا کہ وہ منظر عام سے غائب ہوجائیں انہوں نے مزید کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم آمریت کے سامنے ڈٹ جائیں اورعدلیہ کی آزادی کے لئے جدوجہد کریں کیونکہ آزاد عدلیہ جمہوریت ،اداروں ،سرمایہ کاروں کوتحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی خوشحالی کی ضمانت ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات