غزہ کو صومالیہ بنانے کی سازش ناکام بنا دیں گے۔ مصطفی برغوثی

جمعرات 17 مئی 2007 11:50

غزہ (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار17 مئی2007) فلسطینی مقتدرہ کے وزیراطلاعات ڈاکٹر مصطفی البرغوثی نے کہا ہے کہ غزہ کو دوسرا صومالیہ بنانے کی سازش ناکام بنا دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایک عربی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر اطلاعات نے بتایا کہ فلسطینی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں فوری طور پر سیکورٹی فورس کو تعینات کیا جائے تاکہ مسلح جھڑپوں کا سلسلہ ختم ہو اور قانون کی عمل داری ہو- انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی مقتدرہ کی قومی حکومت ، غزہ کی پٹی میں ایک نئے صومالیہ کو جنم نہ لینے دے گی ، انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے دشمن ایک نئی سازش کو پروان چڑھا رہے ہیں کہ غزہ کی پٹی کو مغربی کنارے سے الگ کردیا جائے اور پٹی کو جرائم اور بدامنی کی دلدل میں تبدیل کردیا جائے - انہوں نے کہا کہ فلسطینی مقتدرہ کی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے بعد اس کی نگرانی اور مانیٹرنگ ،وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کریں گے ، وہ ہانی القواسمی کے استعفے کے بعد قائم مقام وزیر داخلہ کے طور پر بھی کام کررہے ہیں- علاوہ ازیں برغوثی نے مزید کہا کہ مغربی کنارے سے فلسطینی مقتدرہ کے وزراء نے غزہ کی پٹی میں ہونے والی مسلح جھڑپوں کے حوالے سے ملاقات کی ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ نیشنل سیکورٹی کونسل کا اجلاس فوری طور پر طلب کیا جائے - برغوثی نے مزید کہا کہ قومی حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ امن وامان کا مسئلہ فوری طورپر حل کیا جائے اور فلسطین پر جو ناروا اقتصادی پابندیاں عائد ہیں ان کا خاتمہ کیا جائے- وزیراطلاعات نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ تنازعات کو بھڑکنے نہ دیں اور امن وامان کے قیام میں بھرپور کردار ادا کریں-

متعلقہ عنوان :