چیف جسٹس بحال ہوئے تو ان کے سامنے کسی فریق کی وکالت نہیں کروں گا ، اعتزاز احسن

جمعرات 17 مئی 2007 23:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مئی۔2007ء) چیف جسٹس ، جسٹس افتخار محمد چوہدری کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ چیف جسٹس دوبارہ بحال ہو جاتے ہیں تو وہ کبھی بھی ان کی عدالت میں کسی فریق کی طرف سے بطور وکیل پیش نہیں ہوں گے ، جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ اگر چیف جسٹس ، جسٹس افتخار محمد چوہدری بحال ہوگئے ، تو وہ ان کے بینچ میں نہ تو کسی فریق کی طرف سے پیش ہوں گے اور نہ وکالت کریں گے انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے ان کے ذہن میں یہ سوال تھا کہ ان سے پوچھا جائے گا کہ میں نے کراچی سے خیبر تک چیف جسٹس کا دفاع کیا تو ان کے بحال ہونے کی صورت میں وکالت کیسے کروں گا مگر یہ سوال کبھی کسی نے پوچھا ہی نہیں ، اعتزاز احسن نے کہا کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری مختلف شہروں میں پانچ بار کونسلز سے خطاب کرچکے ہیں ، مگر آج تک سفر کے دوران گاڑی میں نہ تو کبھی ان کی سائیڈ کا شیشہ نیچے ہوا نہ خطاب کے دوران انہوں نے کوئی سیاسی بات کی اور نہ ہی کوئی سیاسی انٹرویو دیا انہوں نے کہا کہ پانچ مئی کو چیف جسٹس کے دورہ لاہور کے دوران پنجاب حکومت نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا تھا اس لئے سندھ حکومت کو پنجاب حکومت سے سبق سیکھنا چاہیے ۔