Live Updates

صدر مشرف اور الطاف حسین امریکی خوشنودی کیلئے ملک میں انارکی پھیلا رہے ہیں۔ عمران خان

ہفتہ 19 مئی 2007 15:16

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار19 مئی2007) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الزام عائد کیا یہ کہ کراچی میں ایم کیو ایم ٹارگٹ کلنگ کررہی ہے‘ صدر جنرل پرویز مشرف اور الطاف حسین امریکہ کی خوشنودگی کیلئے ملک میں انارکی پھیلا رہے ہیں‘ میڈیا نے وکلاء کی تحریک میں جان ڈالی اور صدر کے غیر قانونی اقدام کو چیلنج کیا جس سے عدلیہ کا وقار بلند ہوا ہے‘ وکلاء اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرتے ہوئے تحریک کو مزید وسعت دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ میں پاکستان کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو مبارکباد دیتا ہوں کہ جنہوں نے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے کیس کے بارے میں عوام کو بروقت اور صحیح معلومات فراہم کیں اگر میڈیا نہ ہوتا تو وکلاء کی تحریک کو اتنی تقویت نہ ملتی اور چیف جشٹس کے کیس کو حکومت نے دو ہفتے ہی میں فارغ کردینا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف نے جھوٹ بولنے کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے نجی ٹی وی سے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ صدر کہہ رہے ہیں کہ چیف جسٹس کو پولیس نے بالوں سے نہیں پکڑا بلکہ سر سے پکڑا تھا ریفرنس معاملے پر حکومت سے تکنیکی غلطی ہوئی ہے یہ جنرل مشرف کی ناکامی کا بڑا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کا کیا کام تھا کہ چیف جسٹس کو عہدے سے مستعفی ہونے کی دھمکیاں دیتے۔

یہ سراسر آئین کی خلاف ورزی ہے انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کہتے ہیں کہ عدلیہ کے معاملے کو سیاسی رنگ دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنرل مشرف کو سیاست کا مطلب بتانا چاہتا ہوں کہ شہری اور ریاست کا مشترکہ نام سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی ریلی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے عوام کے کروڑوں روپے ہوا میں اڑا دیئے گئے بارہ مئی کو حخومت کے ایما پر ایم کیو ایم نے کراچی میں دہشت گردی کی انتہا کردی حکومت کہتی ہے کہ یہ شو فورس تھی۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ ملک کو میری ضرورت ہے اس لئے میں نے وردی کے معاملے پر قوم سے جھوٹ بولا الطاف حسین اور پرویز مشرف امریکہ کو خوش کرنے کے لئے ملک میں انارکی پھیلا اور دہشت گردی کروا رہے ہیں۔ دونوں لیڈر اپنے آپ کو لبرل اور سیکولر کہتے ہیں جنرل پرویز مشرف نے ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ میں آئین کے مطابق چلوں گا اور آئین کو نہیں توڑوں گا چیف جسٹس کو زبردستی غیر فعال کرنا کونسے آئین کی پاسداری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ جنرل پرویز مشرف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو کسی صورت بحال نہیں ہونے دیں گے وکلاء اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور اپنی تحریک کو مزید وسعت دیں انہوں نے کہا کہ جسٹس منیر کے فیصلے کے بعد عدلیہ کا وقار گر گیا ہے جنہوں نے کمزور کی بجائے طاقتور کا ساتھ دیا ایسا ہوگا تو معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوگا جب قوم اور فوج کے اندر تضاد موجود رہے گا تو فوج کیا کرسکتی ہے۔

فوج کی بہادری صرف اور صرف عوام کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین پاکستان کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ہورہی ہے سنی تحریک کی تمام لیڈر شپ کو ختم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بے گناہ لوگوں کا خون بہایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں ساری پلاننگ کی گئی اور کراچی میں بے گناہوں کا خون بہایا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ (ق) لیگ جرائم پیشہ افراد کا گروہ ہے اور کابینہ میں نیب زادے بیٹھے ہیں قوم نے اب وکلاء کے ساتھ دینا ہے تبھی حقیقی جمہوریت لائی جاسکتی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات