لال مسجد، جامعہ حفصہ پر حملہ کیا گیا تو بھرپور جواب دیں گے، مولانا عبدالعزیز

اتوار 20 مئی 2007 21:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مئی۔2007ء) لال مسجد کے خطیب اور جامعہ حفصہ کے مہتمم مولانا عبدالعزیز نے حکومت کو تنبیہ کی ہے کہ اگر لال مسجد یا جامعہ حفصہ پر حملہ کیا تو ہم بھی ملک بھر میں خودکش حملے کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز لال مسجد کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالعزیز نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے ہمارے طلباء کو اغواء اور گرفتار کیا جا رہا ہے حکومت مذاکرات کی رٹ لگا کر ہمیں گندا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہمارے طلباء کی غیر قانونی گرفتاریوں کو بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز ایک پرائیویٹ کار میں چند سول کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکاروں کو لال مسجد کے طلباء نے گرفتار کر لیا ہم نے جذبہ خیر سگالی کے تحت دو پولیس اہلکاروں کو ہفتے کی رات رہا کر دیا لیکن اب حکومت ظلم و ستم پر اتر آئی ہے اور ہم بھی جہاد کا اعلان کرتے ہیں بلکہ اس مقصد کیلئے پوری قوت سے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے جہنم کا راستہ اپنا ہی لیا ہے تو ہم بھی جنت کے راستے پر چلنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعداد میں کم ہی سہی لیکن ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں۔ مولانا عبدالعزیز نے تمام طلباء و طالبات سے کہا کہ وہ حکومت کیخلاف جہاد کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جنت کی خوشبو آ رہی ہے اور جنت کے حسین نظارے ہمارا انتظار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنت میں الزرقاوی، ملاداد اللہ اور صحابہ کرام پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنت ہی ہمارا اصل وطن ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء حکومت کیخلاف جہاد کیلئے تیار ہو جائیں ہم ظلم و جبر اور طاغوتی قوتوں کے سامنے ڈٹ جائیں گے لیکن کسی بھی قیمت پر پسپائی کا راستہ اختیار نہیں کریں گے۔ اس موقع پر طلباء جانیں ہم لٹائیں گے، اسلامی انقلاب لائیں گے، مولانا قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں کے نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر مولانا عبدالعزیز نے کہا کہ اگر حکومت نے لال مسجد پر حملہ کرنے کی غلطی کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں ہمیں غافل نہ سمجھے۔

متعلقہ عنوان :