لال مسجد اور جامعہ حفصہ کیخلاف حکومت کسی قسم کا آپریشن نہیں کرے گی ۔ترجمان وزارت داخلہ۔۔مسجد انتظامیہ چلڈرن لائبریری کا قبضہ ختم اور اغواء کئے گئے پولیس اہلکاروں کوغیر مشروط طورپر رہا کرے،سعود میمن کی موت کی وجوہات سپریم کورٹ میں بتائیں گے، 31مئی سے دو جون تک امن جرگہ کمیشن کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور ہوگا، بریگیڈئر ریٹائرڈ جاوید اقبال چیمہ کی پریس بریفنگ

منگل 22 مئی 2007 19:53

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار22 مئی2007) وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈئر ریٹائرڈ جاوید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ لال مسجد اور جامعہ حفصہ کیخلاف حکومت کسی قسم کا آپریشن نہیں کرے گی ۔

(جاری ہے)

مسجد انتظامیہ چلڈرن لائبریری کا قبضہ ختم کرتے ہوئے اغواء کئے گئے پولیس اہلکاروں کو فوری طورپر رہا کرے ، ملک کے کسی بھی جید عالم دین اورمذہبی سکالر نے لال مسجد کی انتظامیہ کے اقدامات کی حمایت نہیں کی ، طلبہ وطالبات کو ڈنڈے اور کلاشنکوفیں پکڑا کر عالمی برادری میں پاکستان کے امیج کو خراب کیا جارہاہے ، حکومت مسجد کے احترام اور طالبات کی وجہ سے طاقت کا استعمال نہیں چاہتی اور معاملہ کا خوشی اسلوبی سے حل چاہتی ہے ، چارسدہ اور پشاور کے خود کش حملوں کی تحقیقات میں کوئی بڑا بریک تھرو نہیں ہوا ،افغان جرگہ کمیشن کا بارہ رکنی وفد اکتیس مئی کو پاکستان آرہا ہے ، منگل کو یہاں وزارت داخلہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بریگیڈئر ریٹائرڈ جاوید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ لال مسجد اور جامعہ حفصہ کا ایشو دو بھائیوں نے کھڑا کیاہوا ہے اور یہ طلبہ وطالبات کو ہاتھوں میں ڈنڈے اور کلاشنکوفیں تھما کر شہر کے امن کو برباد کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، حکومت ان کے تمام اقدامات کا بغورجائزہ لے رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ آپریشن کرنا حکومت کیلئے کوئی مشکل کام نہیں مگر حکومت چاہتی ہے کہ مسئلہ پر امن طریقے سے اورافہام وتفہیم سے حل ہو کیونکہ مدرسے میں خواتین ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم لال مسجد انتظامیہ سے غیر مشروط طورپریہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسجد کے باہر اور اندر سے ڈنڈا براداروں کو ہٹا لیں ، چلڈرن لائبریری کا قبضہ ختم کریں اور اغواء کئے گئے دو پولیس اہلکاروں کو فوری طورپر رہا کریں ، لال مسجد انتظامیہ جن طالب علموں کی رہائی کا مطالبہ کررہی ہے ، پہلے خود ان سے یہ لاتعلقی کا اعلان کر چکے ہیں ، خالد خواجہ کسی مدرسے کا طالب علم نہیں اس کے خلاف مقدمات درج ہیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت معاشرے میں شدت پسندی کے عنصر کا عمل دخل نہیں ہونے دے گی اور نہ ہی لال مسجد کے دو خطیبوں کو ڈھیل دینگے ، انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام علماء کرام نے لال مسجد والوں کے اقدامات کی بھرپور مذمت کی ہے ، جن میں مفتی تقی عثمانی جیسے عالم دین بھی شامل ہیں جو علماء کرام مسئلہ کو حل کروانے کیلئے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں حکومت ان کو خوش آمدید کہے گی ، انہوں نے کہا کہ افغان جرگہ کمیشن کا بارہ رکنی وفد پاکستان آرہاہے ، یہاں اکتیس مئی سے دو جون تک دونوں ممالک کے امن جرگہ کمیشن کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور ہوگا ، انہوں نے کہا کہ سانحہ چارسدہ اور پشاور کی تحقیقات جاری ہیں ، چارسدہ کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے ، جن کی بدولت پشاور کے خود کش حملے کی تحقیقات میں آسانی ہوگی تاہم دونوں دھماکوں کی تحقیقات کے حوالے سے کوئی بڑا بریک تھرو نہیں ہوا ، انہوں نے کہا کہ سعود میمن کو جنوبی افریقہ سے امریکی حکام نے گرفتار کیا تھا اور اس کو گوانتاناموبے میں بھی رکھا گیا تھا اس کی موت کے بارے میں سپریم کورٹ کو آگاہ کرینگے ، تحقیقات جاری ہیں ، انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارہ مئی کے تشدد کی تحقیقات صوبائی حکومت کررہی ہے ، اب وہاں حالات معمول پر آگئے ہیں ، ایف بی آئی کی کوئی ٹیم پاکستان نہیں آئی اور نہ ہی یہاں کسی قسم کی تحقیقات ہو رہی ہیں ۔