چیف جسٹس کے وکلاء کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کے الزامات حکومت کے خلاف گمراہ کن مہم کا حصہ ہیں، وزارت داخلہ

جمعرات 24 مئی 2007 23:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مئی۔2007ء) وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک وکیل جو اپوزیشن کی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں یہ پروپیگنڈہ کر رہے ہیں کہ حکومت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے وکلاء کو ختم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

پریس نوٹ کے مطابق یہ بیان اس گمراہ کن مہم کا حصہ ہے جو چیف جسٹس کے معاملہ کو سیاسی رنگ دینے کیلئے چلائی گئی ہے ایسے میں جبکہ سپریم کورٹ چیف جسٹس کیس کی سماعت کر رہی ہے اس طرح کے بیانات ہمارے عدالتی نظام کی توہین کے مترادف ہے۔ یہ مکمل طور پر بے بنیاد الزامات ہیں شروع سے بعض سیاسی وکلاء اور اپوزیشن رہنما چیف جسٹس کیس کی آڑ میں ملک میں بے چینی پھیلا رہے ہیں۔