قرانی تعلیمات پر عمل کرکے فرقہ واریت اور عصبیت سے بچا جاسکتا ہے۔۔۔امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمن السود یس کا قران بورڈ کے زیر اہتمام اجلاس سے خطاب

جمعرات 31 مئی 2007 13:13

لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار31 مئی2007) امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمن السود یس نے کہا ہے کہ قرانی تعلیمات پر عمل کرکے فرقہ واریت اور عصبیت سے بچا جاسکتا ہے ۔ وزیر اعلی ہاؤس پنجاب میں قرآن بورڈ کے زیر اہتمام اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے امام کعبہ ‌نے کہا کہ مسلم امہ قرآن مجید سے تعلق قائم کرے یہ تعلق ہمیں‌وحدت کی ایک لڑی میں‌پرو دے گا ۔ انہوں نے کہا کہ قرٓان صرف تلاوت کی کتاب نہیں بلکہ فکر و عمل اور عقیدے کی کتاب ہے اور اس کی تعلیمات کی روشنی میں زندگی کے تمام فیصلے کرنے چا یئے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کی تعلیمات ہی میں مسلم امہ کی عظمت پوشیدہ ہے ۔اور اسے مشعل راہ بنائے بغیر دینی اور دنیوی زندگی میں کامیابی ممکن نہیں۔ امام کعبہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔

(جاری ہے)

انہون نے کہا کہ پاکستانی قوم کی قرآن فہمی مذہب سے خصوصی محبت اور وابستگی کا اظہار ہے۔ اور پاکستانی حکومت عالمی سطح پر مسلم امہ کے اتحاد و یگانگت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

اس سے قبل وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے قرآن بورڈ کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ عصر حاضر کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے جدید علوم سے آراستہ ہونا ضروری ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر دینی مدارس کے طلبا کو کمپیوٹر کی مفت تعلیم فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستان سے امام کعبہ کی محبت اور وابستگی پاکستانی قوم کے لئے باعث افتخار ہے۔ انہوں نےکہا کہ مسلم امہ کاا تحاد اور پاکستان کی سلامتی امام کعبہ کی اولین ترجیحات ہیں