وزیراعلی پنجاب کا صوبے تمام دینی مدارس کے طلباء کو کمپیوٹر کی مفت تعلیم فراہم کرنے کا اعلان

جمعرات 31 مئی 2007 15:10

لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار31 مئی2007) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے صوبے کے تمام دینی مدارس کے طلبہ کو کمپیوٹر کی مفت تعلیم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ ہاوٴس لاہور میں پنجاب قران بورڈ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ کو کمپیوٹر کی جدید اور قیمتی کتب بھی مفت فراہم کی جائیں گی۔ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ جن مدارس میں کمپیوٹر نہیں ہیں ان کے طلبہ کے لئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت قائم تربیتی مراکز میں تربیت کا اہتمام کیا جائے گا ۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے شاہراہ قائداعظم پر قران کمپلیکس اور سیرت اکیڈمی کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے جو دسمبر تک مکمل ہوجائے گا اور ان کی تعمیر پر پچپن کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

(جاری ہے)

تعلیمات اسلامی کے فروغ کا یہ منصوبہ تکمیل کے قریب ہے جو عالم اسلام کے لئے جدید ریسرچ سینٹر ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ قران میوزیم بھی ہوگا جس میں نادر اورقلمی نسخہ جات رکھے جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات جیسے ہیں، اس کی مثال تاریخ عالم میں بہت کم ملتی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ مسلم امہ کو درپیش نازک صورت حال کامقابلہ عالم اسلام کے اتحاد اور اتفاق کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔