منیر لودھی پاکستان ڈے پریڈ ایگزیکٹو کونسل نیو یارک کے صدر منتخب۔پاکستان ڈے پریڈ کا مسلم لیگ یا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی چیف جسٹس آف پاکستان کو پاکستان ڈے پریڈ میں شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔ منیر لودھی

ہفتہ 2 جون 2007 15:50

نیویارک( اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار02 جون 2007) بیرون ملک پاکستان اور پاکستانیوں کے تشخص کے لئے کام کرنے والے ادارے پاکستان ڈے پریڈ ایگزیکٹو کونسل کے سینئر ٹرسٹی اور سابق سیکرٹری جنرل منیر لودھی کو آئندہ تین سال کیلئے ایگزیکٹو کونسل کا صدر منتخب کر لیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈے پریڈ ایگزیکٹو کونسل کا ایک اجلاس گزشتہ روز یہاں منعقد ہوا جس میں متفقہ طور پر سینئر ٹرسٹی اور سابق سیکرٹری جنرل منیر لودھی کو آئندہ تین سال کیلئے ایگزیکٹو کونسل ا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔

اپنے اس انتخاب پر منیر لودھی نے ایگزیکٹو کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایگزیکٹو کونسل کی طرف سے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیاگیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرتے ہوئے نہ صرف پاکستان ڈے پریڈ نیو یارک جو امریکہ میں پاکستانیوں کی نمائندن پریڈ ہے کو کامیاب و کامران بنانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے بلکہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو امریکی معاشرے میں بہتر مقام دلانے کیلئے بھی بھرپور کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

منیر لودھی نے اس موقع پر کہا کہ انشاء اللہ اس سال بھی حسب سابق پاکستان ڈے پریڈ اگست 24 تاریخ بروز اتوار کے د میڈلین ایونیو پر منعقد ہو گی جس میں ہمیشہ کی طرح ٹرائی اسٹیٹ ایریاکے ساتھ دیگر ریاستوں میں رہنے والے پاکستانی اور کشمیری بھی بھرپور شرکت کریں گے۔ دریں اثناء پاکستان ڈے پریڈ کے نو منتخب صدر نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی جن میں کہا گیا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری پاکستان مسلم لیگ (ن) امریکہ کے صدر کی دعوت پر اس سال پاکستان ڈے پریڈ میں شرکت کریں گے اور اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) امریکہ نے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دیدی ہیں ۔

منیر لودھی نے واضح الفاظ میں کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کو پاکستان ڈے پریڈ میں مدعو نہیں کیا جا رہا ہے اور پاکستان ڈے پریڈ نیو یارک کا پاکستان مسلم لیگ یا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پاکستان ڈے پریڈ ایک مکمل آزاد ادارہ ہے جو پاکستان سے باہر پاکستان اور پاکستانیوں کے تشخص کیلئے بڑھ چڑھ کر کام کرتا ہے۔

اور ہمیشہ حکومت وقت کی پالیسیوں اور نظریات کو ساتھ لے کر چلتا ہے۔ اس لئے کسی بھی سیاسی جماعت کو یہ حق حاصل ہیں ہے کہ وہ اپنے طور پرپریڈ کے حوالے سے کوئی بیان جاری کرے۔ انہوں نے اس سال پاکستان ڈے پریڈ 24 اگست کو ہمیشہ کی طرح میڈلین ایونیو 141 سٹریٹ مین ہٹن سے شروع ہو کر 23 سٹریٹ پر ختم ہو گی جہاں ثقافتی اور تفریحی شو ہو گا جس میں شریک ہونے والے معزز مہمانوں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ لیکن یہ بات طے ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کو اس پریڈ میں مدعو نہیں کیا جا رہا ہے۔