وزارت سیاحت نے وزٹ ایئر پاکستان کی سیاحتی سرگرمیوں کیلئے 200 ملین روپے مانگ لئے

ہفتہ 2 جون 2007 22:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2جون۔2007ء) وزارت سیاحت نے مالی سال 2007-08ء کے پہلے چھ ماہ میں وزٹ ایئر پاکستان کی سیاحتی سرگرمیوں کیلئے 200 ملین روپے مانگ لئے تاہم وزارت خزانہ کی جانب سے تاحال منظوری کیلئے آگاہ نہیں کیا گیا۔ وزارت کے ذرائع کے مطابق وزارت سیاحت کیلنڈر ایئر 2007ء کو وزٹ ایئر کے طور پر منا رہی ہے جس کیلئے پورا سال سیاحتی سرگرمیوں کیلئے شیڈول تیار کیا گیا تھا۔

وزارت سیاحت نے اس حوالے سے وفاقی حکومت سے 550 ملین روپے مانگے تھے جبکہ حکومت کی طرف سے جنوری 2007ء میں صرف 50 ملین روپے دیئے گئے تھے جو کہ ختم ہو چکے ہیں جبکہ سیاحت کے وزارت ایئر 2007ء کی بڑی سرگرمیاں جون سے شروع ہو رہی ہیں جس کیلئے وزارت سیاحت نے حکومت سے آئندہ چھ ماہ کیلئے 200 ملین روپے فوری طور پر فراہم کرنے کی درخواست کی جسے وزارت خزانہ نے نامنظور کرتے ہوئے سمری مسترد کر دی تھی تاہم یقین دلایا گیا کہ مالی سال 2007-08ء کے بجٹ میں مسترد شدہ تجویز کو شامل کئے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی واضح منظوری یا نامنظوری کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر حکومت مذکورہ فنڈز مہیا نہیں کرتی تو وزارت ایئر پاکستان کی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ 200 ملین ریگولر بجٹ کے علاوہ جو وزارت نے مانگے ہیں مالی سال 2006-07ء میں وزارت کو انتظامی امور اور دیگر معاملات کیلئے 113 ملین روپے دیئے گئے تھے جو کہ معاملات چلانے کیلئے ناکافی ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ مالی سال 2007-08ء کیلئے وزارت کو وزٹ ایئر کے چھ ماہ کی سرگرمیوں کو شامل کرتے ہوئے 400 ملین روپے کی ضرورت ہو گی۔

متعلقہ عنوان :