نواز شریف نے شہبا زشریف اور کلثوم نواز کی وطن واپسی کیلئے پارٹی رہنماؤں سے رائے طلب کرلی

منگل 5 جون 2007 15:00

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار05 جون 2007) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس کے فوری بعد میاں شہباز شریف اور کلثوم نواز کو وطن واپس بھجوانے کے لئے پارٹی رہنماؤں سے رائے طلب کرلی مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے موجودہ عدالتی بحران میں مسلم لیگی کارکنوں کی بھرپور شرکت کے بعد اس تحریک کو مزید منظم کرنے کے لئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور بیگم کلثوم نواز کو پاکستان واپس بھجوانے کے لئے پارٹی رہنماؤں سے رائے طلب کی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگی حلقوں کی جانب سے مسلسل یہ اصرار تھا کہ موجودہ تحریک کو میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے اعلان سے مزید تقویت ملے گی اور اگر اس وقت میاں نواز شریف وطن واپس آجاتے ہین تو مسلم لیگ (ن) کا گراف مزید بلند ہوسکتا ہے جس پر غور وخوض کے بعد میاں نواز شریف نے مسلم لیگ کی پاکستان میں موجود قیادت سے رائے طلب کی کہ اگر آل پارٹیز کانفرنس کے فوری بعد میاں شہباز شریف اور بیگم کلثوم نواز کو پاکستان بھیجا جائے تو کیا کارکن اس کے لئے تیار ہوسکتے ہیں اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ میاں شہباز شریف بیگم کلثوم نواز لاہور میں اتریں تو یہ خدشہ موجود ہے کہ حکومت انہیں پہلے کی طرح دوبارہ واپس نہ بھجوا دے اس کے لئے پشاور ایئرپورٹ پر لیند کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے کچھ عرصہ قبل ایم ایم اے کی قیادت نے میاں نواز شریف کو یہ دعوت دی تھی کہ وہ پشاور اتریں انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں برادران کی وطن واپسی کا اعلان رواں ماہ میں کیا جاسکتا ہے۔