چیف جسٹس کا معاملہ سپریم کورٹ خود حل کرے، امریکہ،صدر پرویز مشرف درست سمت میں ملک کو آگے لے کر جا رہے ہیں، رچرڈ باؤچر کی پاکستانی انگریزی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 6 جون 2007 20:54

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جون۔2007ء) امریکہ نے صدر جنرل پرویز مشرف پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ درست سمت میں ملک کو آگے لے کر جا رہے ہیں، چیف جسٹس کا معاملہ سپریم کورٹ کو خود حل کرنا چاہیے۔ یہ بات اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ رچرڈ باؤچر نے یہاں ایک پاکستانی انگریزی نجی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کی۔

(جاری ہے)

نواز شریف اور بینظیر کی وطن واپسی اور انتخابات میں شرکت سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کو افراد سے دلچسپی نہیں الیکشن شفاف اور غیر جانبدارانہ ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف امریکہ کا اہم اتحادی ہے ہم اس دوستی اور اتحاد کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وقت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط تر ہوتے جائیں گے۔ باؤچر کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت اہم کردار ادا کر رہا ہے تاہم ابھی اس سلسلے میں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پہلے کی نسبت بہت حد تک محفوظ بنا دی گئی ہے اس سلسلے میں حکومت پاکستان کا کردار لائق تحسین ہے۔