بھارت اور چین کا 10نکاتی ایجنڈے کے تحت باہمی تعلقات کومزید فروغ دینے پر اتفاق،جی ایٹ کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم من موہن سنگھ کی چینی ہم منصب ہوجن تاؤ سے تفصیلی ملاقات‘ فوجی اور تجارتی تعاون بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔(تفصیلی خبر)

جمعہ 8 جون 2007 14:54

برلن (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار08 جون 2007) بھارت اور چین نے دس نکاتی ایجنڈے کے تحت باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے‘ اور ایک دوسرے کیساتھ فوجی اور تجارتی تعاون بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے‘ جبکہ بھارت نے چین پر زور دیا ہے کہ وہ سرحدی معاہدے پر قائم رہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے شہر برلن میں جی ایٹ کانفرنس کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ اور ان کے چینی ہم منصب ہوجن تاؤ کے درمیان تیس منٹ ملاقات ہوئی دونوں رہنماؤں نے پچھلے سال نومبر میں وزیراعظم ہوجن تاؤ کے دورہ بھارت کے دوران تشکیل کردہ دس نکاتی ایجنڈے کے تحت باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کے ساتھ فوجی اور تجارتی تعاون بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا واضح رہے کہ دونوں وزراء اعظم کے درمیان پچھلے سات ماہ کے دوران یہ دوسری ملاقات ہے اس موقع پر بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ نئی دہلی بیجنگ کے ساتھ اچھے مضبوط تعلقات چاہتا ہے اور اس کیلئے ہر قسم کی کوشش کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور عوام چین کے سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے اور چین کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں بھارت چین کو ایک عظیم پڑوسی کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اپنے کئے ہوئے سرحدی معاہدے سے پیچھے نہیں ہٹے گا کیونکہ اس سے سرحدی امور پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پھر سے خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔

متعلقہ عنوان :