پاکستان اور چین مشترکہ سرمایہ کاری کمیٹی قائم کریں گے، وزیراعظم شوکت عزیز،اقتصادی اصلاحات کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے، وزیراعظم کی چینی وفد سے گفتگو

جمعہ 8 جون 2007 22:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جون۔2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ مالیاتی اصلاحات اور بنکنگ کے شعبے میں استحکام کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے، پاکستان اور چین مشترکہ وسیع البنیاد سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے چین کے ترقیاتی بنک کے تعاون سے مشترکہ سرمایہ کاری کمیٹی قائم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں چین کے کمرشل اور انڈسٹریل بنک کے بورڈ کے چیئرمین مسٹر یانگ چی کنگ سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بینکاری کی صنعت مستحکم ہو ئی ہے اور مالیاتی شعبے میں اصلاحات کے نتیجے میں اس میں بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا کہ پاکستان میں آئی سی بی سی جیسے معروف بنکوں کے لئے کام کرنے کے وسیع مواقع دستیاب ہیں اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت میں اضافے کی غرض سے چینی تاجران کی دلچسپی بڑھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ترقیاتی بنک کے اشتراک سے ایک مشترکہ سرمایہ کار کمیٹی قائم کرے گا جس سے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر مسٹر یانگ نے کہا کہ وہ پاکستان کی اقتصادی اصلاحات سے بہت متاثر ہوئے ہیں اور چین پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے۔