پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہاہے، وزیراعظم شوکت عزیز،متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، پاکستان پرامن ملک ہے،کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے، یو اے ای کے وزیرخارجہ سے گفتگو

پیر 11 جون 2007 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جون۔2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ اقتصادی اصلاحات کے باعث پاکستان سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک بن گیا ہے، ایک منفرد جغرافیہ کا حامل ہونے کے باعث پاکستان خطے میں معاشی و اقتصادی تعاون اور امن و استحکام کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہاہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سوموارکو یہاں متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ پاکستان متحدہ عرب اماراتکیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ہم دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہشمند ہیں خصوصاً توانائی اور دفاع کے سیکٹرز میں دونوں ملک مشترکہ منصوبے شروع کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان میں یو اے ای کی جانب سے سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ گوادر بندرگاہ کی تکمیل سے متحدہ عرب امارات کیلئے مزید سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ گئے ہیں۔

انہوں نے شیخ زید بن سلطان النہیان کے وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف عرب امارات کو ترقی کی نئی منازل سے روشناس کرایا بلکہ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بھی پہلے سے زیادہ مضبوط بنانے میں موثر کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھ رہا ہے تاہم ہماری خواہش ہے کہ اس کو مزید بڑھایا جائے۔

انہوں نے پاکستان اورخلیجی ممالک کی تنظیم جی سی سی کے درمیان آزدانہ تجارت کے سمجھوتے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر عبداللہ بن زید النہیان نے کہا کہ وہ پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اوراسے اپنا دوسرا گھر تصور کرتے ہیں ہم پاکستان میں زیادہ سے زیادہ ترقی اورخوشحالی کے خواہشمند ہیں ہم پاکستان کی بہتری کو اپنی ہی بہتری تصور کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے خواہشمند ہیں ہم کشمیر کے مسئلہ کا فوری کشمیری عوام کی مرضی سے حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے توقع ہے کہ کسی نتیجہ پر پہنچنے میں کامیاب رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے ہم کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے۔

افغانستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں افغانستان ہمارے امن ہمارے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ فلسطینی عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمامممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہشمند ہے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری، عمر ایوب خان اور دیگر اعلیٰ سرکاری اہلکاربھی موجود تھے۔