غزہ کی پٹی پر حملے جاری رہیں گے ۔اسرائیلی وزیراعظم

بدھ 13 جون 2007 13:04

تل ابیب (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار13 جون 2007) اسرائیلی وزیر اعظم ایہواولمرٹ نے کہاہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی میں کاروائیاں جاری رہیں گی جب تک فلسطینی گھریلو ساختہ میزائل ، اسرائیلی کالونیوں کو نشانہ بناتے رہیں گے - فلسطینی مجاہدین نے صدر محمود عباس کی جانب سے پیش کردہ 10نکاتی معاہدے کے خاکے کو منظور کرلیا ہے تاکہ لڑائی کا خاتمہ ہو اور مغربی کنارے نیز غزہ کی پٹی میں جامع ، دوطرفہ اور بیک وقت امن کا قیام ممکن ہوسکے- ایک اسرائیلی اخبار کے مطابق کابینہ کی ہفت روزہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم نے کہاہے کہ میں نے ایک ہفتہ پہلے بھی کہاتھا اور یہ بات دوبارہ کہوں گا کہ غزہ میں ہماری فوجی کاروائی اس وقت جاری رہے گی جب تک قسام بریگیڈ کی جانب سے میزائل پھینکنے کا سلسلہ برقرار رہتاہے - اسرائیلی قابض فوج کے سربراہ چیف آف سٹاف گیبی اشک نازی نے بھی اس تجویز کی حمایت کی ہے اور غزہ کی پٹی میں فوجی کاروائیوں کے دائرے میں اضافہ کردیا ہے- اسرائیل کی نیشنل سیکورٹی کونسل، گیبی اشک نازی کی تائید کی مخالفت کررہی ہے اور کہاہے کہ غزہ کی پٹی میں فوج کی پہلی پالیسی جاری رہنی چاہیے ۔