مقبوضہ کشمیر میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف خواتین کا احتجاجی مظاہرہ، بھارتی فوج کا خواتین پر تشدد، درجنوں زخمی

ہفتہ 23 جون 2007 16:00

سرینگر ( اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار23 جون 2007) مقبوضہ کشمیر میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف خواتین کا احتجاجی مظاہرہ ، بھارتی سیکیورٹی فورسز کا خواتین پر تشدد ، 10خواتین سمیت درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ خواتین کے مظاہرے کی وجہ سے ٹریفک کئی گھنٹوں تک بند رہی ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ٹینکہ پورہ بائی پاس پر سینکڑوں خواتین نے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرے میں بچوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

خواتین نے اپنے سروں پرگھڑے اٹھا رکھے تھے ۔ خواتین کے مظاہرے کی وجہ سے ٹینکہ پورہ بائی پاس پر ٹریفک کئی گھنٹوں تک معطل رہی۔ مظاہرے کی اطلاع ملتے ہی بھارتی فوج کی بڑی تعداد پہنچ گئی اور خواتین پر تشدد شروع کر دیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے بھارتی فوج نے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا بے جا استعمال کیا جس کے باعث 10 خواتین سمیت درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ مظاہرین کے مطابق بٹہ مالو اور گردو نواح میں گزشتہ 3 دنوں سے پانی بند ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے