دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ،ذخائر میں گزشتہ سال کے مقابلہ میں 20 لاکھ ایکڑ فٹ زائد پانی موجود ہے، صوبوں کو گزشتہ سال سے 10فیصد زائد پانی ملے گا،ارسا

پیر 25 جون 2007 19:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جون۔ 2007ء) انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے کہا ہے کہ تمام بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں ذخائر کی پوزیشن بھی زیادہ اطمینان بخش ہے اور مزید 20 لاکھ ایکڑ فٹ پانی دستیاب ہو گا اور صوبوں کو گزشتہ سال کے مقابلے میں دس فیصد زیاد پانی مہیا کیا جائے گا-پیر کو جاری کئے گئے ایک بیان میں ارسا نے کہا ہے کہ 23 جون کو تمام بڑے دریاؤں اور رم سٹیشن پر بہاؤ میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ایک روز پہلے کے مقابلے میں 29 ہزار کیوسک پانی کا اضافہ ہوا ہے- ایک روز قبل پانی کا بہاؤ دو لاکھ 58 ہزار کیوسک تھا جو بڑھ کر دو لاکھ 87 ہزار کیوسک ہو چکا ہے اسی طرح پانی کے ذخائر کی پوزیشن بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں تسلی بخش ہے اور گزشتہ سال کی نسبت مزید 20 لاکھ ایکڑ فٹ پانی دستیاب ہے- ارسا کے مطابق سکردو میں درجہ حرارت 32.8 ڈگری سنٹی گریڈ تک بڑھ جانے کی وجہ سے توقع ہے کہ دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو گا صوبوں کو مجموعی طور پر تین لاکھ 13 ہزار کیوسک پانی مہیا کیا جائے گا جو گزشتہ سال کے مقابلہ میں دس فیصد زیادہ ہے-پنجاب کو ایک لاکھ 28 ہزار، سندھ کو ایک لاکھ 70 ہزار، بلوچستان کو 12 ہزار جبکہ سرحد کو 3000 کیوسک پانی مہیا کیا جائے گا-

متعلقہ عنوان :