مالی سال 2007-08 کے لئے ضلع کونسل ایبٹ آباد کا 1724.208 ملین روپے کا بجٹ ایوان میں پیش کر دیا گیا

بدھ 27 جون 2007 14:11

ایبٹ آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار27 جون 2007) مالی سال 2007-08 کے لئے ضلع کونسل ایبٹ آباد کا 1724.208 ملین روپے کا بجٹ ایوان میں پیش کر دیا گیا۔ضلع ناطم ایبٹ آباد سردار حیدر زمان کی بجٹ تقریر کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے مختص کئے گئے 33.928 ملین روپے سمیت اخراجات کا کل تخمینہ 1752.696 ملین روپے لگایا گیا ہے جبکہ آمدن کی مد میں 159.413 ملین روپے ظاہر کئے گئے ہیں ضلع نائب ناظم اور کونسل کے کنونئیر جنید احمد تنولی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بجٹ تقریب کے دوران ضلع ناظم سردار حیدر زمان نے مجوزہ اخراجات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2007-08 میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر 1437.177 ملین روپے خرچ ہو ں گے جبکہ جاریہ اخراجات 131.708 ملین روپے کے ہونگے جن میں دیگر اخراجات پر 51.904 ملین روپے ، سڑکوں کی مرمت پر 10 ملین روپے بجلی واجبات کی ادائیگی پر 29.123 ملین روپے ، تعلیمی اداروں کی مرمت پر 28.740 ملین روپے ،کمرہ جماعت کے لئے اشیا ء صرف پر 10.090 ملین روپے اور ادویات برائے صحت پر 14.275 ملین روپے خرچ ہونگے سردار حیدر زمان نے آمدن کی تفصیلات واضح کرتے ہوئے بتایا کہ اگلے مالی سال کے دوران ضلعی حکومت کو صوبائی حکو مت سے ترقیات کی مد میں 33.928 ملین روپے جبکہ ضلع ٹیکس کی مد میں 8.340 ملین روپے کی گرانٹ حاصل ہو گی علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ آئندہ سال ضلعی حکومت کو مقامی محاصل سے 9.234 ملین روپے ، واٹر منیجمنٹ سے 37.785 ملین روپے پرفارمس بیڈ بجٹ کی مد میں 5.562 ملین روپے کی جاری ترقیاتی سکیموں کی مد میں 6.810 ملین روپے، ای۔

(جاری ہے)

ایس۔آر جاری سکیموں کے لئے 4.193 ملین روپے ، جاریہ اخراجات کی مد میں بچت شدہ رقم سے 49.471 ملین روپے اور کیپٹیشن فیس کی مد میں 4.090 ملین روپے حاصل ہونگے ۔ضلع ناظم نے ترقیاتی اخراجات کے حوالے سے تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ اگلے سال سالانہ ضلعی ترقیاتی پروگرام کے لئے 24.429 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ کل اخراجات (33.928 ملین روپے) کا 25 فیصد یعنی8.482 ملین روپے سی سی بیز کیلئے دو فیصد کے حساب سے 0.678 ملین روپے سپورٹس کے لئے اور 0.1 فیصد کے حساب سے 0.339 ملین روپے شہری دفاع کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔

ضلع ناظم نے ترقیاتی وسائل کی تقسیم کے بارے میں تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اگلے سال ضلع کی تمام 51 یونین کونسلوں مساوی طور پر فی یونین کونسل0.400 ملین روپے ترقیاتی منصوبوں کے لئے فراہم کئے جائیں گے جبکہ خواتین ، کسان، مزدوراور اقلیتی حلقوں کی نمایندگی کرنے والے اراکین ضلع کونسل کو 0.100 ملین روپے فی رکن مہیا کئے جائیں گے۔ضلع ناظم نے اپنی تقریر میں ضلع کونسل کے ایک دیرینہ مطالبے کے پیش نظر آئندہ مالی سال سے لیڈی کونسلر ، کسان کونسلر اور دیگر مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین ضلع کونسل کو 24 ہزار روپے سالانہ اعزازیہ فراہم کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں اور سکیموں کی بحالی اور تعمیر نو کے منصوبوں کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے سردار حیدر زمان نے ایوان کو بتایا کہ تعمیر نو مشاورتی کمیٹی اب تک 4446.130 ملین روپے لاگت کے 1069 منصوبوں کی منظوری دے چکی ہے جبکہ 907.831 ملین روپے لاگت کے 143 مجوزہ منصوبہ جات پر کام عنقریب شروع کیا جا رہا ہے جن میں تعلیمی اداروں کی عمارات ، انتظامی عمارات اور مختلف شاہرات کی تعمیر نو شامل ہے انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال میں تعمیر نو کے تحت 2661.282 ملین روپے کی لاگت سے584 منصوبے شروع کئے جائیں گے۔

ضلع ناظم نے تعمیر نو اور بحالی کے عمل کو ضلع کی ترقی کے لئے ایک عظیم موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کو بحالی اور تعمیر نو کی مد میں تقریباً ایک ارب روپے کا فنڈ فراہم کیا گیا ہے جو ہماری معمول کی سالانہ ترقی سے تقریباً 30 گنا زیادہ ہے۔ صحت کے شعبے میں آمدن اور طبی سہولیات کو بہتر بنانے کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ضلع ناظم نے بتایا کہ ضلع کے ایک نجی میڈیکل کالج کی تدریسی ضروریات پوری کرنے والے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں فی طالبعلم سالانہ کیپیٹیشن فیس 50 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کر دی گئی ہے ۔

علاوہ ازیں مذکورہ نجی کالج ایک معاہدے کے تحت ہسپتال کی بعض ضروریات پوری کرنے کے علاوہ اپنے سٹاف سے او۔پی۔ڈی اور مختلف وارڈز کے لئے معا لجین بھی فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے عام آدمی کو ہسپتال کے بارے میں پائی جانے والی شکایات کا ازالہ ہو گا اور مریضوں کو بر وقت اور بہتر طبی امداد کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ ضلع ناظم نے اپنی تقریر میں مزید بتایا کہ ان کی خصوصی کوششوں سے ایبٹ آباد میں گندگی اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے ایک جدید پلانٹ عنقریب نصب کیا جا رہا ہے جس کا باقاعدہ سنگ بنیاد وزیر اعلی صوبہ سرحد آئندہ30 جون کو رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :