ایم ایم اے کے رہنماؤں کی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات‘ ووٹر لسٹوں بارے تحفظات سے آگاہ کیا

ہفتہ 30 جون 2007 15:27

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار30 جون 2007) متحدہ مجلس عمل کے رہنماؤں لیاقت بلوچ‘ ڈاکٹر فرید پراچہ اور میاں اسلم نے ہفتہ کو یہاں چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمشنر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں عبوری ووٹرز لسٹوں میں ووٹوں کا اندراج نہ کئے جانے کے بارے میں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے ووٹرز لسٹوں کو تین مراحل میں مکمل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے ایم ایم اے کے رہنماؤں کو یقین دلایا کہ آئندہ انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم نے چیف الیکشن کمشنر کو صدر جنرل پرویز مشرف کی جانب سے سرکاری اخراجات پر انتخابی جلسے کرنے کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے جس پر انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس بارے میں اقدامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کی موجودگی میں انتخابات کا شفاف ہونا ممکن نہیں ہے اور اس حوالے سے ساری اپوزیشن متحد ہے ہم نے حکومت کی جانب سے سرکاری اخراجات پر سیاسی اور انتخابی جلسے کرنے سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کردیا ہے اور توقع ہے کہ اس سے متعلق ہمارے تحفظات دور کئے جائیں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے تین مراحل میں ووٹرز لسٹیں مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔