بلوچستان اور سرحد میں ہلاکتوں کی تعداد 287 ہوگئی سرحد کے تمام دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب ، تربت میں 5 بھائی جھل مگسی میں 4 ڈیرہ مراد جمالی میں 2 بچے جاں بحق ، خضدار میں ہلاکتوں کی تعداد 30ہوگئی ہزاروں افراد پانی میں پھنس گئے ۔(تفصیلی خبر)

ہفتہ 30 جون 2007 17:47

کوئٹہ +پشاور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار30 جون 2007 ) بلوچستان اور سرحد میں طوفان اور بارش سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 287 ہوگئی کوئٹہ اور جھل مگسی کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ اب تک بحال نہیں ہوسکا خضدار میں ہلاکتوں کی تعداد 30ہوگئی تربت میں چھت گرنے سے 5بھائی اور جھل مگسی میں 4افراد ہلاک ڈیرہ مراد جمالی میں دو بچے سیلابی ریلے میں بہہ گئے سبی میں دو دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہزاروں افراد پانی میں پھنسے ہوئے ہیں سرحد کے تمام دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب سطح مزید بلند ہورہی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق جھل مگسی کے قریب بند ٹوٹنے سے ضلع میں نیا سیلابی ریلہ داخل ہوگیا ہے خضدار میں شدید بارش اور طوفان سے 30افراد ہلاک ہوگئے بلوچستان کی یونین کونسل کے آٹھ دیہات زیر آب آگئے ہیں تربت میں چھت گرنے سے 5بھائی اور جھل مگسی میں 4افراد ہلاک ہوگئے جھل مگسی میں 80فیصد سڑکیں زیر آب ہیں اور علاقے کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی راستہ اب تک بحال نہیں ہوسکا ڈیرہ مراد جمالی میں دو بچے سیلابی ریلے میں بہہ گئے جن کی نعشیں لیویز نے نکال لیں ۔

(جاری ہے)

سبی میں سیلابی ریلہ داخل ہونے سے دو دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے جبکہ دو افراد ہلاک ہوگئے ہزاروں افراد پانی میں پھنسے ہوئے ہیں علاقے میں پینے کے پانی کا ذخیرہ ختم ہوچکا ہے اور اشیاء خوردونوش کی شدید قلت ہے سبی میں سینکڑوں دیہات زیر آب آگئے جبکہ 300 سے زائد مکانات منہدم ہوگئے ہیں سیلابی ریلہ سڑک کا دو سو فٹ سے زائد حصہ بہا کر لے گیا ہے جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں دقت اور دشواری کا سامنا ہے ۔

تحصیل بھاگ میں ہی سیلابی ریلے سے لاپتہ ہونے والے 56 افراد کو 6روز بعد محفوظ مقام پر پہنچا دیاگیا ہے پسنی میں سیلاب سے متاثرہ افراد نے پینے کی پانی کی عدم فراہمی پر ضلع ناظم کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ صوبہ سرحد اور خیبر ایجنسی میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 103 ہوگئی ہے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش سے سرحد کے تمام دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق سرحد کے بالائی اضلاع اور پاک افغان سرحد کے قریب علاقوں میں آئندہ 24گھنٹوں تک بارشیں جاری رہیں گی بارش سے دریائے کابل اور سوات میں مختلف مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے دریائے گمبیلا میں اونچے درجے کا سیلاب ہے ضلعی انتظامیہ نے دریاؤ کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔