Live Updates

صدر جنرل مشرف کے موجودہ اسمبلیوں سے انتخاب کی کوشش کو ناکام بنا دیں گے، عمران خان

پیر 2 جولائی 2007 18:59

چکوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2جولائی۔2007ء) چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں عدلیہ کی آزادی اور قانون کی بالادستی کے بغیر خوشحالی ممکن نہیں۔ وکلاء نے ملک میں آزاد عدلیہ کی جو تحریک شروع کی ہے وہ اب قومی تحریک بن چکی ہے اور چیف جسٹس کی بحالی اس تحریک کا نقطہ آغاز ہو گا، لہٰذا ملک کے ہر طبقے کو ملک میں صرف سول حکمرانی کی جدوجہد کرنا ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چکوال ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کی تحریک عدلیہ کی آزادی تک جاری رہے گی۔ عمران خان نے کہا کہ ملک میں تیز رفتار ترقی اور روشن خیالی کو جو ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے وہ صرف کاغذوں کی حد تک ہے۔ انہوں نے کاہ کہ رپورٹ کے مطابق پاکستان ناکام ممالک کی فہرست میں بارہویں نمبر پر تک آچکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بیس میں سے اٹھارہ اضلاع کے لوگ غربت کی لکیر سے نیچنے زندگی بسر کر رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کی موجودگی میں آزادانہ انتخابات نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں موجودہ اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان متوقع ہے، کیونکہ جنرل مشرف کو موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ صدر منتخب نہیں ہونے دینگے۔

انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس لندن میں کامیابی سے ہمکنار ہو گی کیونکہ اب کوئی بھی سیاسی جماعت ملک کے موجودہ حالات سے اپنے آپ کو علیحدہ نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف 234مقدمات درج ہی جس میں 44 قتل کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کی تحریک نے جن بوتل سے باہر نکال دیا ہے اور اب یہ بڑی آسانی سے واپس بوتل میں نہیں جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سنگا پور اور ملائیشیا میں تیز رفتار ترقی اس وجہ سے ممکن ہوئی کہ وہاں پر عدلیہ کو مکمل طور پر آزادی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی موجودہ ترقی میں فوج کا کوئی ہاتھ نہیں، انہوں نے بجٹ کا زیادہ تر حصہ تعلیم پر خرچ کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کے مقابلے میں بہت آگے نکل چکے ہیں۔ عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف نے انہیں اسمبلیوں سے دوبارہ صدر منتخب ہونے کی کوشش کی تو یہ پاکستان کی مکمل برباری ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم فوج کے خلاف نہیں مگر جنرل پرویز مشرف فوج کو اپنے ملک کی عوام کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جسٹس محمود الرحمن رپورٹ میں واضح طور پر لکھا ہے کہ فوج کی سول معاملات میں مداخلت کی وجہ سے اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں متاثر ہوئی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات