مشرف امریکہ کے ساتھ مل کر قوم کو ذبح کر رہے ہیں، قاضی حسین احمد،تکبر کا اظہار کرنے پر مشرف اللہ سے معافی مانگیں، قوم مجلس عمل کی صورت میں متحد ہے، مولانا فضل الرحمن اور دیگر کا میاں چنوں میں تحفظ پاکستان کاررواں سے خطاب

پیر 2 جولائی 2007 23:27

میاں چنوں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2جولائی۔ 2007ء) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ مشرف کا یہ کہنا کہ میں تو رہوں گا تکبر کے زمرے میں آتا ہے وہ اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کو یہاں تحفظ پاکستان کاررواں کے سلسلے میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قاضی حسین احمد کا کہنا تھا کہ وردی کیخلاف اور حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے تحریک جاری رہے گی مشرف امریکہ کیساتھ مل کر قوم کو ذبح کر رہے ہیں۔

قاضی حسین احمد نے کہا کہ مشرف کا دہشت گروں کے ساتھ اتحاد ہے اور امریکہ سے بڑا کوئی دہشتگرد نہیں ہے اور وہ افغانستان، عراق، کشمیر اور فلسطین میں دہشتگردی کر رہا ہے یہ لوگ ہمیں شیعہ سنی برادری اور سندھی، بلوچی اور پنجابی کی بنیاد پر لڑانا چاہتے ہیں لیکن آج پوری قوم متحدہ مجلس عمل کی صورت میں متحد ہے۔

(جاری ہے)

متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امریکہ کی قیادت میں عالمی استعمار نے ایک کرہ ارض کو بحران سے دوچار کر رکھا ہے اور اس کے اتحادی ہمارے حکمرانوں نے ملک پاکستان اور قوم کو بحران سے دوچار کر دیا ہے پورے کرہ ارض پر خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے انسانیت کو آگ میں دھکیلا جا رہا ہے اگر فحاشی و عریانی میں ہم امریکہ کے ہم پلہ ہو جائیں تو یہ اسکو ترقی کہتے ہیں جو پیسہ ملک میں آیا ہے وہ مخصوص طبقے میں تقسیم کیا جا رہا ہے اسلامی قانون سازی کو روکا جا رہا ہے حدود اللہ کے قانون کو مسخ کر دیا گیا ہے کبھی ڈنمارک میں خاکے شائع کر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے جا رہے ہیں اور آج برطانیہ نے ملعون رشدی کو سر کا خطاب دے کر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے اگر ہمیں اپنی تہذیب کو بچانا ہے تو متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم کے علاوہ کوئی پلیٹ فارم نہیں۔