بھارتی والی بال ٹیم نے پاکستان کو ہرا کر سیریز 2-2 سے برابر کردی

منگل 3 جولائی 2007 12:10

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار03 جولائی 2007 ) بھارتی والی بال ٹیم نے ایک انتہائی سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد دو کے مقابلے میں تین سیٹ سے پاکستان کو شکست دیکر 8 میچز کی سریز کے پہلے مرحلے میں مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا ۔پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی پہلی دو طرفہ والی بال سیریز کے سلسلے میں پاکستان میں ہونے والے چار میچ مکمل ہوگئے ہیں اور اب تک دونوں ٹیمیں دو دو میچز جیت کر برابر ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ والی بال سیریز آٹھ میچز پر مشتمل ہے۔ اور اب بقیہ چار میچ بھارت میں اگست میں کھیلے جائیں گے۔پیر کو پاکستان اور بھارت کی والی بال ٹیموں کے درمیان لاہور میں سیریز کا چوتھا اور پاکستان میں آخری میچ کھیلا گیا جسے بھارتی ٹیم نے ایک انتہائی سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد دو کے مقابلے میں تین سیٹ سے جیت لیا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے اسلام آباد میں ہونے والے پہلے میچ میں بھارت کی ٹیم ہی فاتح رہی تھی تاہم واہ کینٹ اور پشاور میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور تیسرے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے فتح حاصل کی تھی۔آخری میچ کے دوران بھارت نے پہلے دو سیٹ جیتے لیکن پاکستان کی ٹیم اس موقع پر میچ میں واپس آئی اور سخت مقابلے کے بعد اگلے دونوں سیٹ جیت کر مقابلہ برابر کر دیا۔

تاہم آخری اور فیصلہ کن سیٹ میں بھارتی ٹیم حاوی رہی اور فیصلہ کن سیٹ جیت کر نہ صرف میچ جیتا بلکہ سیریز بھی برابر کر لی۔پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد زمان کا کہنا ہے کہ اس سیریز سے ان کی ٹیم خصوصاً نوجوان کھلاڑیوں کو، جنہیں ابھی بین الاقوامی میچز کا تجربہ نہیں تھا بہت فائدہ حاصل ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہونے والی دولت مشترکہ گیمز کے لیے بھی اس سیریز سے کھلاڑیوں کی کافی اچھی تربیت ہو جائے گی۔

محمد زمان نے کہا کہ وہ بھارت میں اس سے زیادہ بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے اور انہیں امید ہے کہ وہ یہ سیریز جیت جائیں گے۔بھارتی ٹیم کے کپتان سری کانت نے بھی اس پہلی دو طرفہ والی بال سیریز کو دونوں ملکوں کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے کار آمد قرار دیا اور کہا کہ دولتے مشترکہ کھیلوں میں دونوں ٹیمیں بہتر کارکردگی دکھائیں گی۔

متعلقہ عنوان :