جنرل مشرف نے اسمبلی توڑ کر اپنی جماعت مضبوط کرنیکی کوشش کی تو ان کا راستہ روکا جائیگا۔ مجلس عمل۔۔اے پی سی کیلئے متفقہ لائحہ عمل تیار کرلیا ہے‘ کوشش ہوگی کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اس پر متفق ہوجائیں۔بے نظیر اور مشرف امریکہ کی اور مجلس عمل عوام کی ضرورت ہے‘ صدر مشرف کے زیر سایہ جماعت شکست کھائے گی‘ قاضی حسین احمد اور فضل الرحمن کا استحکام پاکستان ریلی سے خطاب

منگل 3 جولائی 2007 12:47

ملتان (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار03 جولائی 2007) متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے قائدین نے کہا ہے کہ جنرل پرویز مشرف نے اسمبلی توڑ کر اور نئے الیکشن کرا کر اپنی پارٹی مضبوط کرنے کی کوشش کی تو ان کا راستہ روکا جائے گا‘ اے پی سی کیلئے متفقہ لائحہ عمل تیار کرلیا ہے‘ کوشش ہوگی کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اس پر متفق ہوجائیں‘ گھنٹہ گھر چوک ملتان میں استحکام پاکستان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس عمل کے صدر قاضی حسین احمد نے کہا کہ ایم ایم اے نے لندن میں ہونے والی اے پی سی کے لئے متفقہ لائحہ عمل اختیار کرلیا ہے اور کوشش ہوگی کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اس پر متفق ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر پرویز مشرف نے دوبارہ منتخب ہونے کی کوشش کی تو ساری اپوزیشن جماعتوں کو ان کے خلاف ایک ہونا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر مشرف نے اسمبلی توڑ کر اورنئے الیکشن کراکے اپنی پارٹی مضبوط کرنے کی کوشش کی تو ان کا راستہ روکاجائے گا۔جلسے سے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر پروفیسر ساجد میر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صدر مشرف کا یہ کہنا کہ وہ ناکام ہوئے تو انتہا پسند چھا جائیں گے، پراپیگنڈہ ہے جس کے ذریعے وہ امریکا پر دباوٴ ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف اور بے نظیر بھٹوامریکا کی ضرورت ہیں تو ایم ایم اے عوام کی ضرورت ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہ صدر مشرف کا یہ کہنا کہ وہ جس پر ہاتھ رکھیں گے وہ جیتے گا تو ہم اس پر یہ کہتے ہیں صدر مشرف کا جس پر ہاتھ ہوگا شکست اس کا مقدر ہوگی۔ جلسے سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔