بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش کا مطالبہ کرنے والے ہندوستان منتقل ہو جائیں ‘اداکار یوسف خان

منگل 3 جولائی 2007 12:53

لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار03 جولائی 2007 ) مآپ کے چیئر مین اداکار یوسف خان نے گزشتہ روز ہندستانی فلموں کے حق میں مہم چلانے والے ڈھائی لاکھ افراد کے دستخطی مہم کے حوالے سے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے نزدیک سینما مالکان اور ان میں کام کرنے والے مفاد پرست ملازمین کو فوری طور پر پاکستان چھوڑ کر ہندوستان منتقل ہو جانا چاہیے ۔ کیونکہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کا مطالبہ کرنے والے یہ غدار مفاد پرست اور بے حس لوگ اس قابل نہیں کہ وہ اسلامی مملکت اور دو قومی نظریہ پر بننے والے پاک صاف ملک پاکستان میں رہ سکیں ۔

یوسف خان نے کہا کہ جب تک میرے جسم میں ایک بھی خون کا قطرہ موجود ہے میں ہندوستانی فلم اور ہندوستانی سوچ کو پاکستان فلم انڈسٹری میں موجود نہیں رہنے دونگا۔

(جاری ہے)

یوسف خان کے علاوہ فلم انڈسٹری کے دیگر حب الوطن افراد جن میں فلمساز جونی ملک ‘میاں طارق حفیظ ‘میاں خالد فیروز ‘ہدایتکار سید نور ‘یونس ملک ‘الطاف حسین ‘حسن عسکری ‘محمد طارق ‘رشید ساجد ‘جعفر عرش ‘کیمرہ مین ریاض بخاری ‘علی جان ‘اداکار سعود ‘شان ‘غلام محی الدین ‘سنگیتا اور دیگر بہت سے فلمی لوگوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ کسی صورت بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش کی اجازت نہ دی جائے ۔

جو سینما مالکان سینما گرانے اور اس کی تباہی کی گمراہ کن باتیں کرتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنے سینما گرا ہی دیں تو بہتر ہے کیونکہ اس سے پہلے سینماؤں کی جگہ پلازہ بنانے والے سینما مالکان نے مالی حوالے سے زیادہ مضبوطی حاصل کر لی ہے ۔ ہندوستانی فلموں کی نمائش سے پاکستان فلم انڈسٹری کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

متعلقہ عنوان :