برطانوی وزیراعظم کی طرف سے دہشت گردی اورانتہاء پسندی کے خلاف صدر مشرف کے کردارکی تعریف ،ٹیلی فونگ رابطے میں لال مسجد کے خلاف آپریشن بھی زیربحث آیا

جمعرات 5 جولائی 2007 19:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جولائی۔2007ء) برطانوی وزیراعظم گورڈن براوٴن نے دہشت گردی اورانتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے صدر جنرل پرویزمشرف کوششوں کوسراہا ہے ۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق جمعرات کو برطانیہ کے نو نامزد وزیراعظم گورڈن براوٴن نے صدر پرویز مشرف سے ٹیلی فون پررابطہ کیاجو ان کاوزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے صدر پرویزمشرف سے پہلا رابطہ ہے۔

انہوں نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف صدر مشرف کے اہم کردار کی تعریف کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف دونوں ممالک کا قریبی تعاون جاری رہے گا۔بات چیت کے دوران دونوں رہنماوٴں نے اتحادی ممالک کے باہمی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پرعزم ظاہرکیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق برطانوی وزیر اعظم کی صدر مشرف سے ٹیلی فونگ بات چیت کے دوران لال مسجد کے خلاف سیکورٹی فورسز کے آپریشن پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔

واضح رہے کہ گورڈن براوٴن نے ایک ایسے موقع پر صدر پاکستان سے رابطہ کیاہے جب دارالحکومت اسلام آباد میں قائم لال مسجد کی انتظامیہ کے خلاف حکومت آپریشن کررہی ہے ۔صدر جنرل پرویز مشرف نے گارڈن براؤن کو برطانیہ کی وزارت عظمی ٰ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں برطانیہ کے پاکستان سے تعلقات مزید مستحکم ہو نگے برطانوی وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کر دار کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان خطے کا اہم اسلامی ملک ہے جو دنیا بھر میں پھیلے ہوئے مسائل کے حل میں اہم کر دار ادا کر سکتا ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ برطانیہ پاکستان سے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عمل جاری رکھے گا اور دوطرفہ پارٹنر شپ کو مزید مستحکم بنایا جائیگا ۔