کارلوس سالم نے بل گیٹ کو دنیا کا سب سے بڑا دولت مند ہونے کے اعزاز سے محروم کر دیا

ہفتہ 7 جولائی 2007 16:23

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار07 جولائی 2007) میکسیکو کی معتبر ویب سائٹ کے مطابق ٹیلی کام کے میکسیکن کاروباری کارلوس سالم نے بل گیٹ کو دنیا کا سب سے بڑا دولت مند ہونے کے اعزاز سے محروم کر دیا ہے۔اس ویب سائٹ کے مطابق کارلوس سالم کی دولت کا تخمینہ سڑسٹھ اعشاریہ چھ ارب ڈالر لگایا گیا تھا جب کہ بل گیٹ کے پاس انسٹھ اعشاریہ دو ارب ڈالر مالیت کے اثاثے تھے۔

لیکن اچانک کارلوس سالم کی سب سے بڑی کمپنی امریکن موول کے حصص کے بھاوٴ ستائیس فی صد چڑھ گئے جنہوں نے سالم کو دولت مندی میں سرِ فہرست کر دیا۔لاطینی امریکہ میں موبائل فون کا کاروبار کرنے والی اس کمپنی میں سالم کے حصص تینتیس فی صد ہیں۔کارلوس سالم لبنان سے ترک وطن کر کے میکسیکو آنے والے ایک تاجر کے بیٹے ہیں اور اس وقت ان کی عمر سڑسٹھ سال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی کاروباری زندگی کا آغاز پراپرٹی یا جائیدادوں کی خریدوفروخت سے کیا، جس کے بعد انہوں نے حصص کے کاروبار میں سرمایہ کاری کی اور پھر ٹیلی کام کے کاروبار کی طرف آ گئے۔اس کے علاوہ وہ انبرسا مالیاتی گروپ، پرچون تک کا کاروبار کرنے والی کئی صنعتوں اور ریستورانوں کے بھی مالک ہیں۔ انہوں نے خاص طور اس وقت نام کمایا جب لاطینی امریکہ میں 1980 کا اقتصادی بحران پیدا ہوا اور انہوں نے اس بحران کے دوران خوب منافع کمایا۔

اسی دوران انہوں نے کئی ڈوبتے ہوئے اداروں کو خریدا اور انہیں منافع بخش بنا دیا۔گزشتہ اپریل میں ’فاربز‘ نامی جریدے نے سالم کارلوس کو امریکی ارب پتی سرمایہ کار ورنر بفیٹ سے بڑا اور بل گیٹ کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا دولت مند قرار دیا تھا۔بل گیٹس انسٹھ اعشاریہ دو ارب ڈالر کے ساتھ امیر ترین لوگوں کی فہرست میں اب دوسرے نمبر پر ہیں ۔

متعلقہ عنوان :