لال مسجد وجامعہ حفصہ کے خلاف آپریشن میں اب تک پچاس عسکریت پسند ہلاک اور چوبیس گرفتار ہوئے ۔۔ آپریشن کے دوران کیپٹن سبحان سمیت آٹھ سیکورٹی اہلکار شہید اور انتیس زخمی ہوئے۔ (اپ ڈیٹ 3)

منگل 10 جولائی 2007 13:32

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 10 جولائی 2007 ) لال مسجد و جامعہ حفصہ کے خلاف آپریشن کے دوران اب تک پچاس عسکریت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں ۔ آپریشن کے دوران چوبیس افراد کو گرفتار کیاگیاہے ۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل وحید ارشد نے کہاہے کہ اس آپریشن میں کیپٹن سبحان سمیت آٹھ سیکورٹی اہلکار شہید اور انتیس زخمی ہوئے ہیں ۔ ان کے مطابق جامعہ حفصہ و لال مسجد کے اندر جنوبی حصہ اب بھی عسکریت پسندوں کے قبضے میں ہے جسے واپس حاصل کرنا باقی ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جامعہ حفصہ کے جنوبی حصے میں‌موجود تہہ خانوں میں عسکریت پسند موجود ہیں اور ان کی جانب سے مزاحمت جاری ہے۔ میجرجنرل وحید ارشد نے بتایا کہ ان کی معلومات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خواتین شامل نہیں ۔ عسکریت پسندتربیت یافتہ ہیں جن کے پاس راکٹ لانچرمشین گن اور دستی بم سمیت بھاری ہتھیار موجود ہیں جن کی جانب سے مزاحمت جاری ہے۔ جامعہ حفصہ کے بعض حصوں میں اب بھی خواتین اور بچے موجودہیں۔جب تک پورے علاقے کو بازیاب نہیں کرایا جاتا آپریشن ختم نہیں ہو سکتا۔ جامعہ حفصہ کے ستر فی صد سے زائد حصے کا قبضہ حاصل کرلیا گیاہے۔ نیشنل لائبریری کو بھی طالبات سے واپس حاصل کرلیا گیاہے