سرحدی علاقوں کیلئے خصوصی پیکج کا کریڈٹ وزیراعظم سردار عتیق کو جاتا ہے۔ شمع ملک

منگل 10 جولائی 2007 13:57

مظفرآباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار10 جولائی 2007) وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں شمع ملک نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس کی حکومت نے وادی نیلم سمیت آزاد خطے کی تعمیر و ترقی اور فلاح و بہبود کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ سرحدی عوام کے لئے خصوصی پیکج کی منظوری کا کریڈٹ بھی موجودہ وزیراعظم کو جاتا ہے اس پیکج سے شدید انڈین فائرنگ سے متاثرہ علاقے ڈویلپ ہوں گے اور عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں بہتری آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع نیلم سے تعلق رکھنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شمع ملک نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے 11 ماہ کے مختصر ترین عرصہ اقتدار کے دوران جہاں گراں قدر اقدامات و اعلانات کئے وہاں ضلع نیلم پر بھی خصوصی توجہ دی۔ مظفرآباد تا تاؤ بٹ روڈ کی اپ گریڈیشن‘ درجنوں تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن‘ رابطہ سڑکوں کی تعمیر‘ مقامی سطح پر سرکاری ملازمتوں کے مواقع اداروں میں سائنس اور ٹیکنیکل کلاسز کا اجراء حکومت کے اہم کارنامے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کی بڑھتی ہوئی ساکھ سے متاثر ہو کر بے جا پروپیگنڈے کر رہی ہے۔ سرحدی علاقوں کے لئے دیئے گئے پیکج کا سب سے زیادہ حصہ نیلم ویلی پر خرچ ہو گا۔ اس سے پسماندہ دور افتادہ اور فائرنگ/ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کو تعمیر و ترقی کے لحاظ سے دوسرے علاقوں کے برابر لانے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :