کوہالہ ڈیم کی تعمیر کا ٹینڈر ایک بڑا بریک تھرو ہے۔ سردار عتیق۔۔آزاد کشمیر کے نئے بجٹ میں پسماندہ علاقوں کی ترقی اور مواصلات کے شعبے کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ نئے انتظامی یونٹوں کے قیام سے مقامی سطح پر لوگوں کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔کشمیر کونسل کے زیر التواء مصوبہ جات کو جلد شروع کرایا جارہا ہے‘ وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر کی وزراء‘ اراکین کشمیر کونسل و قانون ساز اسمبلی‘ مسلم کانفرنس کے عہدیداروں و کارکنوں سے ملاقات کے دوران گفتگو

بدھ 11 جولائی 2007 16:45

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار11جولائی 2007) آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ کوہالہ ڈیم کی تعمیر کا ٹینڈر ایک بڑا بریک تھرو ہے آزاد کشمیر کے نئے بجٹ میں پسماندہ علاقوں کی ترقی اور مواصلات کے شعبے کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے نئے انتظامی یونٹوں کے قیام سے مقامی سطح پر لوگوں کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی کشمیر کونسل کے زیر التواء منصوبہ جات کو جلد دوبارہ شروع کرایا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں کشمیر ہاؤس میں آزاد کشمیر کے وزراء ‘ ممبران اسمبلی و کشمیر کونسل سابق وزراء و ممبران اسمبلی اور مسلم کانفرنس کے مرکزی عہدیداروں و کارکنوں سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کے ساتھ ملاقات کرنے والوں میں سماجی بہبود کی وزیر شمع ملک‘ سابق وزیر اور راولاکوٹ سے ممبر اسمبلی حاجی سردار یعقوب خان‘ سابق وزیر راجہ عبدالقیوم خان‘ ممبر اسمبلی راجہ منصف داد خان‘ سابق میئر چوہدری محمد اشرف‘ سابق ممبر اسمبلی شیخ محمود احمد‘ سردار محمد امین‘ مسلم کانفرنس طلباء ونگ کے چیئرمین سردار اظہر نذر مسلم یوتھ ونگ کے چیئرمین سردار تنویر خادم اور سردار عبدالرحمن عباسی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

راولاکوٹ سے ممبر اسمبلی حاجی سردار یعقوب خان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ راولاکوٹ میں کمشنری کا قیام کسی پر احسان نہیں عوام کی خدمت کے لئے ابھی اور بھی بہت کچھ کرنا ہے انہوں نے یقین دلایا کہ پونچھ کی کمشنری کے تمام لوازمات جلد پورے کئے جائیں گے مکانیت کی قلت کو دور کرنے کے لئے بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں واٹر سپلائی سکیم سول ہسپتال اور شاہراہ گوں نالہ کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

پونچھ ڈویژن کے تینوں اضلاع کو ایک دوسرے سے ملانے کے لئے بین الاقوامی معیار کی سڑکیں تعمیر کریں گے اس علاقے میں سیاحت اور پن بجلی کے پوٹینسل سے استفادہ کے لئے بین الاقوامی فرموں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے چڑھوئی سے منتخب ممبر میجر منصف داد سے باتیں کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام حلقوں میں بلا تخصیص تعمیر و ترقی کی جائے گی منتخب ممبران اسمبلی وزارت میں ہوں یا باہر ہوں ان کے ساتھ کسی قسم کا کا امتیازی سلوک برداشت نہیں کرسکتے وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے سابق سینئر وزیر راجہ عبدالقیوم سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ کوہالہ ڈیم کی تعمیر سے حلقہ نمبر چار کے لوگوں کی تقدیر بدل جائے گی وہاں کے لوگوں کو ملازمتوں میں ترجیح دیں گے اور سستی اور معیاری بجلی کا سب سے زیادہ استفادہ اسی علاقے کے لوگ کرسکیں گے کہوٹہ سے سابق ممبر اسمبلی شیخ محمود احمد کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ عنقریب علاقے کا تفصیلی دورہ کرکے وہاں کے مسائل کا خود جائزہ لیں گے تراڑ کھل سے سردار محمد امین خان ایڈووکیٹ سے باتیں کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ جو لوگ مسلم کانفرنس سے وابستہ ہیں ہمیں ان کی خدمات اور قربانیوں کا احساس ہے کسی کو مایوس کریں گے اور نہ ہی نظر انداز کریں گے۔