کمیونسٹ پارٹی کے چیئرمین نے وزیراعظم شوکت عزیز کی نااہلی کیلئے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

پیر 16 جولائی 2007 12:33

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار16جولائی 2007) وزیراعظم شوکت عزیز کی قومی اسمبلی سے نااہلی کے خلاف کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے چیئرمین انجینئر جمیل احمد ملک نے پنجاب الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کردیا ہے اور سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ اپیل کی جلد از جلد سماعت کی جائے۔ جمیل ملک نے جو الیکشن اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی ہے اس میں لکھا ہے کہ الیکشن ٹریبونل نے یہ فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر نہیں دیا اور اس الزام کہ وزیراعظم شوکت عزیز امریکہ کے شہری ہیں اور انہوں نے الیکشن جیتنے کے لئے ہر قسم کی د ھاندلی کی تھی اس کی بابت ایک لفظ بھی نہیں لکھا ہے بلکہ ان کی پٹیشن بلا جواز ایسی ٹیکنیکل گراؤنڈ پر خارج کردی گئی ہے کہ جس کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے اور فیصلہ خالصتاً ٹیکنیکل گراؤنڈ پر صادر کیا ہے جو سراسر قانون کے خلاف اور انصاف کے منافی ہے انجینئر جمیل نے سپریم کورٹ میں الیکشن اپیل Representation of the Peoples Act 1976 کی سیکشن 67(3) کے تحت خود ہی دائر کی ہے اپیل کی کاپی ایک ہزار اکیاسی صفحات اور آٹھ ویڈیو کیسٹ پر مشتمل ہے جس میں نو سو صفحات پر مشتمل دستاویزی ثبوت ہیں جو انجینئر جمیل نے الیکشن اپیل کے ساتھ ثبوت کے طور پر منسلک کئے ہیں جن میں اخباری تراشے‘ خبریں ‘ اشتہارات اور دیگر دستاویزات بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جمیل ملک نے الیکشن اپیل میں شوکت عزیز پر الزام لگایا ہے کہ وہ امریکہ کے شہری ہیں اور آئین پاکستان 1973ء کی آرٹیکل 63(c) کی رو سے الیکشن لڑنے کے اہل نہ تھے انہوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ اتنے اہم الیکشن پٹیشن میں قانون اور انصاف کے مطابق جلد فیصلہ صادر فرمائیں تاکہ اس سلسلے میں عوام میں پایا جانے والا ابہام دور ہو اور انصاف کا بول بالا ہو۔