مسلم لیگ ایک مضبوط سیاسی اور نظریاتی جماعت ہے پیپلز پارٹی کیساتھ کسی انتخابی اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وزیر اعلی پنجاب ۔۔ آئندہ الیکشن میں اپنے سیاسی مخالفین کوتاریخی شکست سے دوچار کردیں گے‘اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور لیگی عہدیداروں سے خطاب

منگل 17 جولائی 2007 18:01

لاہور(اردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین17 جولائی2007) وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر اپنے پلیٹ فارم سے آئندہ انتخابات میں حصہ لے گی۔پاکستان مسلم لیگ ایک مضبوط سیاسی اور نظریاتی جماعت ہے اس لئے پیپلز پارٹی کے ساتھ کسی انتخابی اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ہم آئندہ الیکشن میں اپنے سیاسی مخالفین کوتاریخی شکست سے دوچار کردیں گے۔

انہوں نے مسلم لیگی اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ‘ ناظمین‘ مسلم لیگی عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ آپس کی کھینچا تانی ختم کرکے کھلے دل سے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیں اور عوامی خدمت کے پارٹی مشن کو آگے بڑھانے میں مثالی کردار ادا کریں۔وہ گزشتہ روز ایوان وزیراعلی میں بہاولپور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ‘ ناظمین اور مسلم لیگی عہدیداروں کے الگ الگ اجلاسوں سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ملک کی سب سے بڑی جمہوری پارٹی ہے جس میں اختلاف رائے کی آزادی ہے-انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی قیادت عوامی نمائندوں اور پارٹی عہدیداروں سے باہمی مشاورت کے ذریعے معاملات کو خوش اسلوبی سے چلا رہی ہے-انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپنے سیاسی مخالفین کو سبق آموز شکست دینے کے لئے میدان عمل میں یکجا ہو کر آگے بڑھنا ہوگا- انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے عمل کو جاری رکھنے کے لئے پاکستان مسلم لیگ کا آئندہ الیکشن میں بھرپور اکثریت حاصل کرنا ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے-انہوں نے کہا کہ ہم نے 22 اضلاع میں باہمی مشاورت سے الیکشن کے لئے لائحہ عمل طے کرلیا ہے جبکہ باقی اضلاع میں مشاورت کا عمل جاری ہے- انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں پارٹی کو مضبوط کرنے اورعوامی رابطے کو بڑھانے کے لئے صوبائی وزراء کو کوآرڈینیٹرز مقرر کیا گیا ہے۔

وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں میں جتنی ترقی پاکستان مسلم لیگ کی حکومت کے موجودہ دور میں ہوئی ہے اتنی ترقی پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے چار ادوار میں مجموعی طور پر نہیں ہوئی-انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیم ، صحت ،زراعت، صنعت ، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں انقلابی اصلاحات کی گئیں جن سے سماجی، معاشی ، اقتصادی ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوئیں ، غربت میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی اور عوام کو روزگار کے وسیع مواقع مل رہے ہیں-انہوں نے کہا کہ صوبے میں میگا پراجیکٹس کی تعمیر سے ترقی کے بین الاقوامی معیار کا حصول ممکن ہوا ہے-انہوں نے کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی محرومی دور کرنے کے لئے ریکارڈ ترقیاتی فنڈز خرچ کررہی ہے اور وہاں تعلیم، صحت اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ آبپاشی کے بیشتر ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں۔

اجلاسوں میں وزیر مملکت بیگم شہناز شیخ، ضلع ناظم بہاولپور طارق بشیر چیمہ، صوبائی وزیر جنگلات ڈاکٹر اشفاق الرحمان، صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین و انسانی حقوق و سماجی بہبود آشفہ ریاض فتیانہ ، ضلع ناظم ٹوبہ ٹیک سنگھ چوہدری عبدالستار، بہاولپور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے لئے کوآرڈینیٹرز اور صوبائی وزراء محمد اجمل چیمہ اور محمد اعجاز شفیع موجودتھے-