اسمبلیاں نہیں ٹوٹیں گی، آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پرہونگے ۔ شوکت عزیز۔۔مسلم لیگ اور اتحادی آئندہ الیکشن میں مل کر حصہ لیں گے اور کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرینگے، اپوزیشن کے پاس عوام کو سبز باغ دکھانے کے علاوہ کچھ نہیں ، وزیراعظم کی مسلم لیگی صدر چوہدری شجاعت سے ملاقات کے دوران گفتگو

منگل 17 جولائی 2007 19:11

اسلام آباد ( اردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین17 جولائی2007) وزیر اعظم شوکت عزیز نے اسمبلیاں توڑنے کی افواہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجود اسمبلیاں نہیں ٹوٹیں گی بلکہ وہ اپنی آئینی مدت پوری کریں گی، اسمبلیاں ٹوٹ جانے کی افواہیں غلط ہیں اور آئندہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال ، آئندہ عام انتخابات پر انتخابی فہرستوں پر اعتراضات اور دوسرے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں موجودہ اسمبلیوں کی مدت ایک سال بڑھانے سمیت اپوزیشن کی لندن میں ہونے والی اے پی سی کے معاملات بھی زیر بحث آئے ۔

(جاری ہے)

اس دوران وزیر اعظم شوکت عزیز نے اسمبلیاں توڑے جانے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلیاں نہیں توٹیں گی بلکہ وہ اپنی آئینی مدت پوری کرینگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے۔ شوکت عزیز نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی اے پی سی سے پریشان نہیں کیونکہ اپوزیشن کے کردار سے عوام بخوبی آگاہ ہیں مسلم لیگ اور اس کے اتحادی مل کر انتخابات میں حصہ لیں گے اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ان میں کامیابی بھی حاصل کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے پاس عوام کو سبز باغ دکھانے کے علاوہ کچھ نہیں ہماری حکومت کا ہر کام عوام کی بہتری اور مفاد کے لئے ہے اور ہم اپنی پالیسیوں سے تسلسل یقینی بنا کر عوام کی زندگیوں میں انقلاب لارہے ہیں انہوں نے قبائلی علاقوں اور صوبہ سرحد میں امن و امان کے قیام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی چوہدری شجاعت کو آگاہ کیا اور کہا کہ سرحد حکومت کو اعتماد میں لے کر وفاقی حکومت کوئی بھی اقدام کرے گی تاہم انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ جاری رہے گی انہوں نے شجاعت کو یقین دلایا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں لال مسجد کے جن طلباء پر کوئی مقدمہ نہیں ان کی رہائی عمل میں لائی جارہی ہے اور لال مسجد کو بھی جلد مرمت کرکے کھول دیا جائے گا جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ اسمبلیوں کی مدت ایک سال بڑھانے ، صدر مشرف کو موجودہ اسمبلیوں سے منتخب کرانے سمیت اہم سیاسی امور پر بھی شجاعت اور شوکت عزیز نے مشاورت کی ۔