چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی بحالی آئین و قانون کی مضبوطی کیلئے بڑا قدم ہے۔ امریکہ۔۔ پاکستان میں عدالتی بحران دم توڑنے پر خوشی ہے، امریکہ پاکستان میں آزاد الیکشن سمیت جمہوری تبدیلی کا خواہاں ہے، دہشت گردی کیخلاف مشرف حکومت کے اقدام قابل تعریف ہیں، امریکی محمکہ خارجہ کے ترجمان ٹام کیسی کی بات چیت

ہفتہ 21 جولائی 2007 12:28

واشنگٹن ( اردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین21 جولائی2007) امریکہ نے چیف جسٹس افتخا رمحمد چوہدری کی بحالی اور پاکستان میں عدالتی بحران کے دم توڑنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے کو آئین و قانون کی مضبوطی کیلئے ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹام کیسی نے بتایا کہ پاکستانی لوگ اس لائق ہیں کہ مشکل سے مشکل مرحلہ بھی پر امن انداز سے حل کریں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس کیس ایک قانونی معاملہ تھا اور قانونی طریقے سے حل ہوا جو خوش آئند ہے۔ صدر مشرف حکومت کی حمایت سے متعلق ایک سوال کے جوا ب میں ترجمان نے بتایاکہ امریکہ پاکستان میں ایک جمہوری تبدیلی کا خواہاں ہے جس میں آزادانہ ، منصفانہ ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات شامل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف مشرف حکومت کے اقدامات قابل تعریف ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی عوام کو بھی اس بات کو بخوبی ذہن میں رکھنا چاہیے کہ حکومت کو کیا مشکلات درپیش ہیں ۔