Live Updates

تحریک انصاف سرحد کی دیر میں سیلاب سے متاثرہ 8گھروں کو تاحال امداد نہ ملنے پرصوبائی حکومت پر شدید تنقید

اتوار 22 جولائی 2007 16:29

پشاور(ٍٍاردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین22 جولائی2007) تحریک انصاف سرحد نے دیر بالا میں سیلاب سے شدید متاثر ہونیوالے 8گھروں کو تاحال کوئی امداد نہ پہنچنے پر صوبائی حکومت پر شدید تنقید کی ہے اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جناب جسٹس طارق پرویز خان سے اپیل کی ہے کہ سیلاب و بارشوں اور آسمانی بجلی سے متاثر ہونیوالوں کو تاحال ریلیف نہ پہنچنے پر سوموٹو ایکشن لیکر حکومت کے ذمہ داروں سے وضاحت طلب کریں ۔

تحریک انصاف سرحد کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات زاہد حسین مہمند نے ایک بیان میں گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونیوالی ایک رپورٹ کے حوالے سے صوبائی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیر بالا میں آسمانی بجلی اور سیلابوں سے متاثرہ آٹھ گھروں کو تاحال صرف سفید پرچی دی گئی اور کوئی امدادی سامان نہیں پہنچایا گیا ۔

(جاری ہے)

بھلا یہ کیسی حکومت ہے جو اتنے دنوں میں آٹھ گھروں کے چھوٹے سے گاؤں میں متاثرین تک امداد نہیں پہنچا سکی اور صرف سفیدپرچی پہنچا دی ہے جس پر دال،چینی اور گھی وغیرہ درج ہے ۔

انھوں نے کہا کہ یہ حکومت کیلئے شرمندگی کا مقام ہے اور اسے چاہئے کہ وہ باقی سارے مسئلے ایک طرف رکھ کر سب سے پہلے صوبے بھر میں سیلابوں ،بارشوں اور آسمانی بجلی سے متاثرہ عوام کو امدادی سامان پہنچائے۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ روز ٹی وی چینل پر نشر ہونیوالی رپورٹ میں جس طرح سفید ریش بزرگ آدمی نے اپنے دکھوں کا ذکر کیا ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ 8اکتوبر کے زلزلے کے بعد بالا کوٹ ،مانسہرہ سمیت صوبے کے پانچ متاثرہ اضلاع کے لاکھوں متاثرین کیساتھ بھی یہی کچھ ہوا ہے اور اس حوالے سے زلزلہ متاثرین کے سارے الزامات درست ہیں اور مرکزی و صوبائی حکومتیں انھیں بھرپور ریلیف پہنچانے میں مکمل طور پر ناکام ہوئی ہیں۔

انھوں نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جناب جسٹس طارق پرویز خان سے اپیل کی ہے کہ سیلاب و بارشوں اور آسمانی بجلی سے متاثر ہونیوالوں کو تاحال ریلیف نہ پہنچنے پر سوموٹو ایکشن لیکر حکومت کے ذمہ داروں سے وضاحت طلب کریں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات