حکومت ہائرایجوکیشن پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ پاکستان علم کی بنیاد پر بننے والی دنیا میں بہتر مقابلہ کرسکے، وزیراعظم شوکت عزیز

پیر 23 جولائی 2007 20:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ حکومت ہائرایجوکیشن پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ پاکستان علم کی بنیاد پر بننے والی دنیا میں بہتر مقابلہ کرسکے ۔نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے سبکدوش ہونے والے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل(ر) شجاعت حسین سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ نسٹ نے اعلی تعلیم خصوصاً سائنس ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، میڈیسن، بزنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس یونیورسٹی نے تعلیم کے میدان میں اعلی معیار قائم کیا ہے مختلف شعبوں میں شاندار پیشہ وار لوگ پیدا کیے ہیں۔وزیرعظم نے کہاکہ پاکستان کے نوجوان ہمارا بڑا اثاثہ ہیں اعلی تعلیم کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیاجاسکتا ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پرائمری، سیکنڈری اور اعلیٰ تعلیم کو ترقی دی جائے اور اسے مستقبل کی ضرورتوں کے مطابق بنایا جائے ۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) شجاعت حسین نے حکومت کی طرف سے نسٹ کو فراہم کی جانیوالی امداد کو سراہا اور کہاکہ نئے کیمپس کے قیام سے یونیورسٹی میں طلبہ کی زیادہ تعداد حاصل کرسکے گی ۔جو مستقبل کی ضروریات پوری کرے گی۔