Live Updates

الطاف حسین کی گرفتاری اب مہینوں کی نہیں ہفتوں کی بات ہے ‘قو م کو جلد خوشخبری ملے گی ۔ عمران خان ۔۔ لندن میں اے پی ڈی ایم سے حقیقی اپوزیشن سامنے آ گئی ہے ‘ 9اگست سے تحریک چلائینگے‘ لندن سے وطن واپسی پر صحافیوں سے گفتگو

بدھ 25 جولائی 2007 15:15

لاہور(ٍٍاردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین25 جولائی2007) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کو اب مہینوں میں نہیں بلکہ ہفتوں میں الطاف حسین کیخلاف مقدمے کے اندراج اور گرفتاری کی خوشخبری ملے گی ۔لندن میں اے پی ڈی ایم سے حقیقی اپوزیشن سامنے آ گئی ہے اور 9اگست سے اس پلیٹ فارم سے حکمرانوں کے خلاف تحریک کا آغاز کریں گے ۔ہم چیف جسٹس سے توقع کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کو ریپبلک بنانا بننے سے بچائیں گے ‘ ماضی میں عدلیہ نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے حق میں فیصلے دئیے مگر چیف جسٹس کی بحالی سے عدلیہ کو قومی حمایت بھی حاصل ہو چکی ے ۔

لال مسجد میں خون کی ہولی پر قاضی حسین احمد نے جذباتی ہو کر استعفیٰ دیا انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا بلکہ ساری اپوزیشن کو ملکر رد عمل ظاہر کرنا چاہیے تھا۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز لندن سے وطن واپسی پر لاہور ائیر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اس موقع پر پنجاب کے صدر احسن رشید ‘ جنرل سیکرٹری امین ذکی‘ لاہور کے صدر شبیر سیال اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ۔

عمران خان نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کا موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ منتخب ہونا سو فیصد نا ممکن ہو چکا ہے اور اب انہیں یہ خیال بھی دل سے نکال دینا چاہیے کہ وہ دوبارہ صدر منتخب ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے نائن الیون کے بعد ملک میں خون کی ندیاں بہائی ہیں اور دہشتگردی اور انتہا پسندی کے نام پر ملک کو عراق اور افغانستان بنا یا جارہا ہے ۔

ملک پر ڈکٹیٹر شپ کی وجہ سے پاکستان کی صورتحال بھی نائجیریا جیسی ہو چکی ہے اور فرد واحد امریکہ سے شاباش لینے کی خاطر اپنے ہی لوگوں کا قتل عام کر رہا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ ایم کیو ایم کو کینیڈا کی عدالت دہشتگرد جماعت قرار دے چکی ہے اور بہت جلد سکارٹ لینڈ یارڈ بھی الطاف حسین کیخلاف مقدمہ درج کر گرفتار کر لے گی کیونکہ ہم نے انہیں جو ثبوت دیے ہیں ان سے الطاف حسین کا بچ نکلنا نا ممکن ہے ۔

ہم الطاف حسین کے خلاف دنیا کی ہر عدالت میں جائینگے اور اسے اسکے انجام تک ضرور پہنچایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے بیانات سے نہ صرف جمہوریت کو بلکہ انکی پارٹی کو بھی نقصان ہورہا ہے لیکن عوام اب صرف انکے ساتھ چلیں گے جو جمہوری قوتوں کیساتھ آمریت کے خاتمے کیلئے چل رہے ہیں ۔ لندن میں اے پی ڈی ایم کے قیام سے حقیقی اپوزیشن سامنے آ چکی ہے اور نو اگست سے اس پلیٹ فارم سے حکومت مخالف تحریک کاآغاز کیا جائیگا اورہم امید کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی بھی رائے راست پر آئے گی اور جمہوری قوتوں کا ساتھ دے گی ۔

بینظیر بھٹو حکومت سے ڈیل کر رہی ہیں یا نہیں اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ انکے بیانات خود آئے روز بدل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ڈی ایم میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں متفقہ طو رپر استعفے دیں گی قاضی حسین احمد نے جذبات میں آ کر فیصلہ کیا انہیں ایسا کرنا چاہیے تھالیکن یہ انکا ذاتی فیصلہ ہے کیونکہ لال مسجد کے واقعے میں حکمرانوں نے آپریشن کے نام پر سینکڑوں معصوم لوگوں کا خون کیا جس پر پوری قوم افسردہ تھی اور قاضی حسین احمد جذبات میں آ گئے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات