میری تبدیلی کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، وزیراعظم شوکت عزیز،آئندہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، الیکشن کے بعد دیکھیں گے کہ کس سے بات ہو سکتی ہے اور کس سے نہیں، لال مسجد آپریشن امن کیلئے تھا، کسی کو زیب نہیں دیتا کہ وہ بلاوجہ کی قیاس آرائیاں کرے، شوکت عزیز کی صحافیوں سے گفتگو

جمعرات جولائی 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی۔ 2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے اپنی تبدیلی کے حوالے سے خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی تبدیلی کی افواہیں صرف میڈیا میں ہیں اس میں کوئی حقیقت نہیں، آئندہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، الیکشن کے بعد دیکھیں گے کہ کس سے بات ہو سکتی ہے اور کس سے نہیں، لال مسجد آپریشن امن کیلئے تھا کسی کو زیب نہیں دیتا کہ وہ بلاوجہ کی قیاس آرائیاں کرے، آپریشن کے بعد جو کچھ دکھایا گیا وہ حقیقت تھی، سپریم کورٹ کا فیصلہ کسی کی ہار یا جیت نہیں حکومت نے اسے تسلیم کیا ہے۔

جمعرات کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے ہیں انتخابات کے بعد دیکھیں گے کہ کس کے ساتھ اتحاد بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری تبدیلی کے حوالے سے قیاس آرائیوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ایسی اطلاعات صرف میڈیا میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی انتخابات میں مسلم لیگ اور اس کی اتحادی جماعتو ں کے ساتھ حصہ لیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کے بعد دیکھیں گے کہ کس سے بات ہو سکتی ہے اور کس سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لال مسجد آپریشن امن کیلئے تھا کسی کو زیب نہیں دیتا کہ وہ بلاوجہ کی قیاس آرائیاں کرے آپریشن کے بعد جو کچھ دکھایا گیا وہ حقیقت تھی۔ وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا کہ سپریم کورٹ کافیصلہ کسی کی ہار یا جیت نہیں حکومت نے اسے تسلیم کیا ہے۔