پاکستان دنیا بھر میں کشمیریوں کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے، ملک نواز

جمعہ 27 جولائی 2007 15:59

مظفرآباد (ٍٍاردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین27 جولائی2007) آزاد کشمیر کے قائم مقام وزیراعظم ملک محمد نواز خان نے کہا ہے کہ پاکستان نہ صرف ہمارا بڑا بھائی ہے بلکہ دنیا بھر میں کشمیریوں کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے۔ پاکستان کی فراخ دلانہ امداد کی بدولت ہی آج ہم زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں ترقی کر رہے ہیں۔ پاکستان سے ہمارا رشتہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔

وہ گزشتہ روز یہاں اپنے آفس چیمبر میں سیاسی کارکنوں اور عوامی وفود کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے۔ قائم مقام وزیراعظم ملک محمد نواز خان نے کہا کہ صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف کا چار نکاتی فارمولا مسئلہ کشمیر کے حل میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ کشمیری اس کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 60 سالہ پرانے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے درست سمت میں پیشرفت ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

صدر پاکستان کی مدبرانہ قیادت میں یہ مسئلہ پرامن طریقہ سے حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان باہم لازم و ملزوم ہیں۔ یہ کشمیریوں کی محفوظ ترین پناہ گاہ ہے جہاں لاکھوں کی تعداد میں کشمیری آباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے ہی جنوبی ایشیا کے لوگوں کی سلامتی اور ترقی کی راہیں کھیلں گی۔ ہم مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

ملک محمد نواز خان نے کہا کہ پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی تائید کی ذریعے ہی کشمیریوں کی جائز حق خودارادیت کی تحریک کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی اور بھارت پر اس مسئلہ کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لئے دباؤ پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فراخ دلانہ امداد کے نتیجہ میں آج ہماری عوام کو آمد و رفت، مواصلات، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں مثالی سہولیات دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمہ ، خوشحالی اور ترقی کے لئے حکومت پاکستان نے آزاد کشمیر کو جر فراخ دلانہ امداد دی ہے اس کے لئے ہم ان کے مشکور ہیں۔

متعلقہ عنوان :