Live Updates

بینظیر اور مشرف مذاکرات بے اصولی اور ذاتی مفاد پر مبنی ہیں۔ عمران خان

بدھ 1 اگست 2007 19:04

اوکاڑہ (ٍٍاردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین01 اگست 2007) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور رکن قومی اسمبلی عمران خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کیساتھ جنرل پرویز مشرف کی ڈیل بے اصولی اور ذاتی مفادات پر مبنی ہے، بینظیر نے آمریت کے ساتھ ڈیل کر کے بحالی جمہوریت کی کوششوں کو دھچکا لگایا ہے، یکطرفہ فیصلہ کے باعث عام انتخابات میں پیپلز پارٹی تنہائی کا شکار ہو گئی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں تحریک انصاف ضلع اوکاڑہ کے وفد سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بینظیر اور پرویز مشرف نے ثابت کر دیا ہے کہ ہوس اقتدار کی خاطر وہ ملکی مفاد کو بھی پس پشت ڈالنے نہیں ہچکچاتے، یہ بدنیتی اور غیر اصولی ڈیل ہے جو زیادہ عرصہ تک نہیں چل سکتی۔ بینظیر نے وقتی مفادات کی خاطر پیپلز پارٹی کے منشور سے انخراف کیا ہے یہی وجہ ہے کہ انکے اس فیصلہ سے انکی پارٹی کے اندر بھی احتجاج بلند ہوا ہے لیکن ہم مایوس ہرگز نہیں ہیں، جمہوریت کی بحالی کیلئے اے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کو زیادہ تیز اور فعال بنایا جائیگا اور باوردی صدر کو دوبارہ منتخب ہونے سے روکنے کیلئے قانونی و آئینی جنگ بھی لڑی جائیگی۔ پیپلز پارٹی کی حمایت بھی جنرل پرویز مشرف کو دوبارہ کامیاب نہیں کرا سکے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات