پیپلز پارٹی سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی ہے اس بارے میں تمام اطلاعات بے بنیاد ہیں،صدر پاکستان

پیر 6 اگست 2007 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اگست۔2007ء ) صدر مملکت جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی ہے اس بارے میں تمام اطلاعات بے بنیاد ہیں حکومت میں شامل اتحادی جماعتیں انتخابات کی تیاری کریں ان کا اتحاد باقی رہا تو کوئی انہیں شکست نہیں دے سکے گا وہ پیر کو وزیر اعلی ہاؤس کراچی میں مسلم لیگ (ق) سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔

صدر نے کہا کہ پہلے صدرارتی انتخابات ہو گا جس میں وہ حصہ لیں گے اور اس کے بعد وردی کا معاملہ دیکھا جائے گا ۔ صدر نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کی وجہ سے ملکی اقتصادی اور سماجی ترقی متاثر ہو رہی ہے ۔ لہذا اس لعنت کے خاتمے کے لئے سب مل کر کام کریں انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر بیٹھے سیاستدانوں کو انتخابات سے قبل وطن واپس نہیں آنے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اور اس بارے میں جو بھی فیصلہ ہو گا وہ آئین اور قانون کے مطابق ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تمام تر کوشش یہ ہے کہ ملک میں بسنے والے عام شہری کے مسائل حل ہوں اور لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو صدر نے کہاکہ وہ جو بھی اقدامات کر رہے ہیں وہ ملک اور عوام کی بھلانی کے لئے ہیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے