کوئی بھی مسلم ملک مقدس مقامات پر حملہ برداشت نہیں کرے گا، وزیراعظم شوکت عزیز،سعودی عرب یا مقامات مقدسہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے، پاکستانی فورسز ملک کا دفاع کرنے اور دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں، وزیراعظم کا عرب ٹی وی چینل کو انٹرویو

پیر 6 اگست 2007 19:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اگست۔2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ کوئی بھی مسلم ملک مسلمانوں کے مقدس مقانات پر حملوں کو برداشت نہیں کرے گا، سعودی عرب یا مقامات مقدسہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے، پاکستان اپنی سرحدود کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا، ہماری مسلح افواج ملک کا دفاع کرنے اور دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک عرب ٹی وی چینل کو اپنے انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے سرحدات کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں کسی دوسرے ملک کی فوج کو دہشتگردوں کے تعاقب میں پاکستانی علاقے میں کسی صورت نہیں آنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اتحادی ملکوں کے درمیان معلومات کے تبادلے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ان ممالک کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلے، روابط اور تعاون پر یقین رکھتے ہیں جو دہشگردی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ جبکہ امریکی صدارتی امیدوار کے مسلمانوں کے مقدس مقامات پر حملوں کے بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بھی مسلم ملک مسلمانوں کے مقدس مقانات پر حملے کو برداشت نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں قریبی سٹریٹجک پارٹنرز ہیں اور اگر کسی نے سعودی عرب یا مقدس مقامات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سرزمین یا سعودی عرب کیخلاف کسی بھی قسم کی امریکی جارحیت کی صورت میں اس کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین اور سعودی عرب کی سالمیت کی خاطر بھر پور جوابی کارروائی سے دریغ نہیں کرے گا۔