پاکستان کی سرزمین پر القاعدہ کی موجودگی کی ٹھوس معلومات پر فوری کارروائی کی جائیگی ۔ محمود علی درانی۔۔ عسکریت پسندوں کیخلاف کارروائی کیلئے پرعزم ہیں‘ قبائلی علاقوں میں القاعدہ کی سرگریوں کا تاثر درست نہیں‘ امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر کا غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو

منگل 7 اگست 2007 15:52

واشنگٹن (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07 اگست 2007) امریکہ میں متعین پاکستان کے سفیر محمود علی درانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر القاعدہ کی موجودگی کے حوالے سے ٹھوس معلومات پر فوری کارروائی کی جائے گی پاکستان عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کیلئے پرعزم ہے‘ ماضی میں بھی پاکستان ٹھوس انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کرتا رہا ہے‘ قبائلی علاقوں میں القاعدہ کی سرگرمیوں کا تاثر درست نہیں ہے‘ دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور امریکہ کو مل کر جدوجہد کرنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ایک غیر ملکی ٹیلی ویژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ محمود علی درانی نے کہا کہ اگر پاکستان کی سرزمین پر القاعدہ کی موجودگی کے حوالے سے ٹھوس اور برقت معلومات فراہم کی گئیں تو فوری کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کیلئے پرعزم ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ غیر انسانی جانوں کے نقصان سے بچنا چاہتے ہیں۔

کیونکہ ہمیں انہی لوگوں کے ساتھ زندگی گزارنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ پاکستان ٹھوس انٹیلی جنس کی اطلاعات پر عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کرتا رہا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے قبائلی علاقوں میں القاعدہ عناصر کی دوبارہ سرگرمی کے تاثر کو مسترد کردیا۔ پاکستانی سرزمین پر کارروائی کے بارے میں امریکی صدارتی امیدواروں کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات درست نہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کارروائی کریں۔