سرینگر مظفر آباد کے درمیان تجارتی سرگرمیاں شروع کرنے کی راہ میں پاکستان رکاوٹ ہے۔ غلام نبی آزاد

جمعرات 16 اگست 2007 11:18

سرینگر (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین16 اگست 2007) وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان باہمی تعلقات کی بہتری کے ماحول سے فائدہ اٹھا کر جنوبی ایشیاء کو امن اور ترقی کا گہوارہ بنا سکتے ہیں‘ دونوں ملکوں کے درمیان سرد جنگ ختم ہوچکی ہے‘ عسکریت پسند ہتھیار ڈال کر مذاکراتی عمل میں شامل ہوجائیں‘ سرینگر اور مظفر آباد کے درمیان تجارت فوری شروع کی جائے۔

گزشتہ روز یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے رویے میں نرمی کو مثبت قدم قرار دیا انہوں نے عسکریت پسندوں سے کہا کہ جب دونوں ممالک مذاکرات کیلئے تیار ہیں تو تشدد کو ختم کردینا چاہئے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں عارضی تعطل کو جلد دور کیا جائے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان سڑک رابطوں کی بحالی فنکاروں دانشوروں کے دوروں سے کشیدگی کم ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت جلد شروع ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ خود روزگار سکیموں میں دلچسپی لیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں انسانی حقوق کی پاسداری یقینی بنائے گی۔ انہوں نے سرینگر مظفر آباد کے درمیان تجارتی سرگرمیاں فوری شروع کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس راہ میں پاکستان کی حکومت رکاوٹ ہے بھارت کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے کنٹرول لائن کے آر پار تجارتی سرگرمیاں شروع ہونے سے حالات مزید بہتری کی طرف گامزن ہونگے۔

متعلقہ عنوان :