سری نگر ، اسلحہ خانے میں آتشزدگی کے بعد ہزاروں بارودی شیلوں کو ناکارہ بنانے کا آغاز کر دیاگیا

جمعہ 17 اگست 2007 11:56

سرینگر(ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین17 اگست 2007 ) کھندرو اسلام آباد کے اسلحہ خانہ میںآ تشزدگی کے ایک ہفتہ بعد پولیس اور فوج نے پورے علاقہ میں ہزاروں بارودی شیلوں کو ناکارہ بنانے کا آغاز کر دیا ہے۔اس سلسلہ میں اب تک 150بارودی شیلوں کو ناکارہ بنایا جاچکا ہے جبکہ 300کے قریب گولے فوج نے اپنی تحویل میں لے لئے ہیں۔ اس واقعہ کے نتیجہ میں اب بھی 2شہری اور فوج کے ایک افسر سمیت3اہلکار لاپتہ ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق 17اگست کی صبح پولیس اور فوج نے 6بم ڈسپوزل اسکارڑ تشکیل دئیے جنہیں کھندرو اور ملحقہ علاقوں میں کھیتوں ،مکان کے صحنوں اور سڑکوں پر بکھرے پڑے بارودی شیلوں کو ناکارہ بنانے کا کام سونپ دیا گیا۔ ایک بم ڈسپوزل اسکارڑ 6افراد پر مشتمل ہے جن کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے پولیس اور فوج کے 150افراد کو ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے۔

پولیس بم ڈسپوزل اسکارڑ کے انچارج ولی محمد نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے کھندرو، پہلو ،سمبرن،تیلہ ونی اور کنگن ہال نامی 5دیہات میں کارروائی شروع کی جس کے دوران کھندرو ، پہلو اور سمبرن میں 80گرینیڈ اور 80پاؤنڈ وزنی بارودی شل جن کی تعداد قریب 300تھی ، جمع کئے گئے اور انہیں فوج کی تحویل میں دیاگیا۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ 150بارودی شلوں کو ناکارہ بنایا گیا۔